حضور آباد سے نئی تحریک کا آغاز ہوگا

   

پرگتی بھون میں تیار اسکرپٹ پڑھ کر مخالفین تلنگانہ انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں : ایٹالہ راجندر
حیدرآباد :۔ سابق ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر نے کہا کہ حضور آباد سے ریاست میں ایک نئی تحریک کا آغاز ہوگا اور وہ عزت و نفس کی لڑائی لڑیں گے ۔ پرگتی بھون سے لکھی گئی اسکرپٹ پر چند قائدین انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور میرے حامیوں کو دولت اور عہدوں کا لالچ دیا جارہا ہے یا ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہے ۔ دہلی میں بی جے پی کے قائدین سے ملاقات اور حیدرآباد میں اسمبلی اور ٹی آر ایس کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرنے کے بعد ایٹالہ راجندر پہلی مرتبہ اپنے اسمبلی حلقہ حضور آباد پہونچے جہاں پر ان کے حامیوں نے ان کا شاندار خیر مقدم کیا ۔ بائیک ریالی میں انہیں ان کی قیام گاہ پہونچایا گیا ۔ بعد ازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 مرتبہ انہیں کامیاب بنانے والے عوام کا آشیرواد حاصل کرنے کے لیے وہ حضور آباد پہونچے ہیں ان کے حامیوں نے ان کا بھر پور ساتھ دیتے ہوئے ان کا حوصلہ بڑھایا ہے ۔ جس کے لیے وہ عوام اور اپنے حامیوں سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ عزت نفس کی جنگ چھیڑ چکے ہیں اور اس میں کامیاب بھی ہوں گے کیوں کہ ضلع کریم نگر تلنگانہ تحریک کا مرکز رہا ہے اور اب حضور آباد سے ایک نئی تحریک کا آغاز ہوگا ۔ وہ تلنگانہ کی تحریک میں اہم رول ادا کرچکے ہیں ۔ مخالفین تلنگانہ پرگتی بھون سے حاصل ہونے والی اسکرپٹ پڑھ کر انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں جس کی انہیں قیمت چکانی پڑے گی ۔ وہ بہت جلدہ اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں گے اور ضمنی انتخابات میں اپنی طاقت کا بھر پور مظاہرہ کریں گے ۔۔