حیدرآباد۔24ستمبر(سیاست نیوز) حضور آباد ضمنی انتخابات سے قبل فہرست رائے دہندگان میں 9ہزار سے زائد رائے دہندوں کا اضافہ عمل میں آچکا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے حضور آباد انتخابات کے سلسلہ میں ابھی شیڈول کا اعلان نہیں کیاگیاہے لیکن فہرست رائے دہندگان میں رائے دہندوں کی تعدادمیں اضافہ کا عمل جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق تاحال حضور آباد حلقہ اسمبلی میں 9 ہزار 423 نئے رائے دہندوں کا اندراج عمل میں لایا جاچکا ہے اور تمام 5منڈلوں میں عہدیدارو ںکی جانب سے نئے اندراجات کے لئے درخواستوں کی وصولی جاری ہے۔ بتایاجاتاہے کہ جملہ 18ہزار92درخواستیں وصول ہوئی تھیں جن میں 9ہزار423 درخواستوں کی تنقیح کے بعد یکسوئی کرتے ہوئے انہیں فہرست رائے دہندگان میں شامل کیا جاچکا ہے۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے حضور آباد ضمنی انتخابات کو پر امن اور شفاف طریقہ سے مکمل کرنے کے اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے عہدیداراس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ تمام منڈلوں میں نئے رائے دہندوں کے اندراج کو یقینی بنایا جائے۔م