ٹی آر ایس کے امیدوار کا سورج طلوع ہوگا ، ناگر جنا ساگر کے نتائج دہرائے جائیں گے : کویتا
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے کہا کہ حضور آباد میں ٹی آر ایس رائے دہی سے قبل ضمنی انتخاب جیت چکی ہے ۔ دوسرے اور تیسرے مقابلہ کے لیے بی جے پی اور کانگریس انتخابی میدان میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی حکومت زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کے مفادات کے لیے کام کررہی ہے ۔ جب کہ بی جے پی کے زیر قیادت مرکزی حکومت زرعی قوانین تبدیل کرتے ہوئے کسانوں کو نقصان پہونچا رہی ہے ۔ کورونا بحران کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے 20 لاکھ کروڑ روپئے کے پیاکیج کا اعلان کیا گیا ۔ تاہم غریب عوام کو 20 روپئے کا بھی فائدہ نہیں پہونچا ۔ انہوں نے ایٹالہ راجندر کا نام لیے بغیر کہا کہ ٹی آر ایس سے سیاسی زندگی کا آغاز کرنے والے آج ٹی آر ایس کو آنکھیں دکھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ان کا حضور آباد کے ضمنی انتخاب کے بعد سیاسی سورج غروب ہوجائے گا ۔ کویتا نے کہا کہ جو نتائج ناگر جنا ساگر میں آئے وہی نتائج حضور آباد میں دہرائے جائیں گے ۔ یہ ضمنی انتخابات کیوں منعقد ہورہے ہیں ایٹالہ راجندر اس کی عوام سے وضاحت کریں ۔ کویتا نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے علحدہ ریاست کی جدوجہد کے لیے ٹی آر ایس پارٹی تشکیل دی اور 14 سال میں تحریک کے ذریعہ علحدہ ریاست حاصل کیا اور عوام کے آشیرواد سے اقتدار حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ کو سنہرے ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں ۔ تلنگانہ کے عوام حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں اور ریاست تلنگانہ کئی شعبوں میں ملک بھر میں سرفہرست ہے ۔۔ ن