حضور آباد ضمنی چناؤ میں تاخیرسے بی جے پی کو مشکلات

   

انتخابی مہم جاری رکھنے میں دشواری، جاریہ ماہ کے اواخر تک انتخابی اعلامیہ کا امکان
حیدرآباد۔22 ۔ستمبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے حضور آباد ضمنی چناؤ کے نوٹیفکیشن کی اجرائی میں تاخیر کے سبب بی جے پی کے لئے مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ بی جے پی جس نے حلقہ میں کامیابی کے لئے انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے لیکن انتخابات میں تاخیر کے نتیجہ میں مہم کو جاری رکھنا بی جے پی قائدین کیلئے دشوار ہوتا جارہا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے تلنگانہ حکومت کی سفارش کی بنیاد پر ضمنی چناؤ کی تاریخ کو آئندہ کے لئے ملتوی کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی عاجلانہ انتخابات کے حق میں ہے تاکہ انتخابی مہم پر توجہ دی جاسکے ۔ دوسری طرف ٹی آر ایس فوری انتخابات کی مخالفت کر رہی ہے ۔ انتخابات میں جس قدر تاخیر ہوگی ، برسر اقتدار پارٹی کو فائدہ ہوسکتا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے حالیہ دورہ نرمل کے موقع پر بی جے پی قائدین نے انہیں حضور آباد کے عاجلانہ انتخابات کے حق میں نمائندگی کی تھی ۔ بی جے پی کو امید ہے کہ الیکشن کمیشن جاریہ ماہ کے اواخر تک نوٹیفکیشن جاری کردے گا اور اکتوبر میں انتخابات ہوں گے ۔ بی جے پی کے امیدوار ایٹالہ راجندر نے حضور آباد میں اپنی انتخابی مہم کے دو مراحل مکمل کرلئے ہیں اور مزید تاخیر کی صورت میں انتخابی مہم کیلئے فنڈس کا انتظام دشوار کن ثابت ہوسکتا ہے ۔ لہذا بی جے پی چاہتی ہے کہ انتخابات میں تاخیر نہ ہو۔ کانگریس پارٹی نے ابھی تک اپنے امیدوار کے نام کو قطعیت نہیں دی ہے اور انتخابات میں اس کا وجود فی الوقت نہیں کے برابر ہے۔ ایٹالہ راجندر نے 12 جون کو اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد سے وہ انتخابی مہم کا آغاز کرچکے ہیں اور انہیں ضمنی چناؤ کا بے چینی سے انتظار ہے۔ R