حضور آباد ضمنی چناؤ کی حکمت عملی پر کانگریس قائدین کا اہم اجلاس

   

مقامی اور عوامی قائد کی تلاش، راہول گاندھی کا مجوزہ دورہ حیدرآباد: ریونت ریڈی
حیدرآباد۔4 ۔اگست (سیاست نیوز) حضور آباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس کی حکمت عملی طئے کرنے کیلئے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی صدارت میں آج سینئر قائدین کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ حضور آباد کے انچارج سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، پونم پربھاکر ، مدھو یاشکی ، ڈاکٹر چنا ریڈی جگا ریڈی کے علاوہ کریم نگر سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین شریک ہوئے ۔ اجلاس میں مقامی شخص کو پارٹی امیدوار بنانے کی تجویز پیش کی گئی جس پر ریونت ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے مقامی کسی متحرک قائد کا نام پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ دامودر راج نرسمہا اور پونم پربھاکر کو اہل امیدواروں کے نام پیش کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حضور آباد کے ضمنی چناؤ کو وقار کا مسئلہ بنالیا ہے اور کانگریس میں ٹی آر ایس کیلئے جاسوسی کرنے والے قائدین کو پارٹی میں شامل کرلیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار کے انتخاب کے معاملہ میں کمزور طبقات اور حلقہ میں مقبول قائد کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں دلتوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے 9 اگست سے دلت اور گریجن دنڈورا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ پہلے دن ایک لاکھ سے زائد افراد شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 17 اگست تک یہ پروگرام جاری رہے گا اور کسی ایک دن کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دلت اور گریجن طبقہ کے مسائل کے سلسلہ میں راہول گاندھی سے بات چیت کرچکے ہیں۔ انہوں نے پروگرام میں شرکت سے اتفاق کیا ہے۔ راہول گاندھی ستمبر کے پہلے ہفتہ میں دوبارہ تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ ایک روزہ دورہ میں راہول گاندھی کے کئی پروگرام ترتیب دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائدین سے مشاورت کے بعد تاریخ اور مقام کا تعین کیا جائے گا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حضور آباد کی انتخابی حکمت عملی طئے کرنے کیلئے سینئر قائدین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کانگریس کے استحکام کے ساتھ ساتھ گھر کے چوروں کا پتہ چلانا پڑے گا ۔ ریونت ریڈی نے 9 اگست کو اندراولی مقام پر منظم کئے جانے والے پروگرام کے بارے میں قائدین سے رائے طلب کی ۔ انہوں نے بتایا کہ 11 تا 21 اگست روزانہ پانچ منڈلوں اور دو میونسپلٹیز میں پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔ ہر علاقہ میں 2 تا 3 ہزار افراد کے ساتھ ریالی منظم کی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے پروگرام کا پوسٹر جاری کیا ۔ اسی دوران بی جے پی اور ٹی آر ایس سے تعلق رکھنے والے قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔