کے سی آر وزراء پر کنٹرول کریں، وائی ایس آر کانگریس کا مطالبہ
حیدرآباد: وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ حضور آباد کے ضمنی انتخابات میں کامیابی کیلئے ٹی آر ایس عوام کے جذبات کو مشتعل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ آبی تنازعہ کے مسئلہ پر سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو تلنگانہ وزراء کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنانا افسوسناک ہے ۔ جنرل سکریٹری وائی ایس آر کانگریس پارٹی سی رام چندریا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ متحدہ آندھراپردیش میں جلا یگنم کے ذریعہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے آبپاشی پراجکٹس تعمیر کئے تھے۔ تلنگانہ کے قائدین کو پراجکٹس کے بارے میں معلومات نہیں ہے اور وہ آنجہانی لیڈر کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے خود اعتراف کیا تھا کہ رائلسیما کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے لیکن آج وہ رائلسیما کے پراجکٹس کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ رام چندریا نے کہا کہ رائلسیما لفٹ اریگیشن اسکیم عوام کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے لیکن تلنگانہ کے وزراء اس مسئلہ کو عوام کے جذبات مشتعل کرنے کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ آندھراپردیش کو جو پانی الاٹ کیا گیا اس کے استعمال کیلئے رائلسیما لفٹ اریگیشن پراجکٹ تعمیر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کے وزراء کو مشورہ دیا کہ وہ غیر ضروری بیان بازی سے گریز کریں ۔ چیف منسٹر کے سی آر کو اپنے وزراء پر کنٹرول کرنا چاہئے ۔ وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے متحدہ آندھراپردیش میں تینوں علاقوں کی آبپاشی ضرورتوں کی تکمیل کے اقدامات کئے تھے۔