حضور آباد میں اتم کمار ریڈی اور ہنمنت راؤ کی مہم میں عوام کا جوش و خروش

   

روڈ شو اورجلسوں سے خطاب، ٹی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ مفاہمت کا الزام
حیدرآباد۔22 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اور سابق صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے آج حضور آباد میں کانگریس امیدوار بی وینکٹ کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ اتم کمار ریڈی نے مختلف منڈلوں کا دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی اور کانگریس امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ جگہ جگہ عوام کی کثیر تعداد نے اتم کمار ریڈی کا استقبال کیا اور کانگریس کی تائید کا یقین دلایا۔ اتم کمار ریڈی کی حضور آباد میں آمد کے بعد کانگریس کی انتخابی مہم میں شدت پیدا ہوچکی ہے ۔ انہوں نے پارٹی کے دیگر قائدین کے ہمراہ کئی دیہاتوں میں روڈ شو کا اہتمام کیا۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی خفیہ معاہدہ کے ذریعہ ضمنی چناؤ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کی ایک دوسرے پر الزام تراشی محض دکھاوا ہے۔ کانگریس کی بڑھتی مقبولیت اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں شکست کے خوف نے کے سی آر کو بی جے پی کے قریب کردیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ انتخابی فائدہ کیلئے دلت بندھو اسکیم کا اعلان کیا گیا لیکن اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ الیکشن کے بعد اسکیم پر عمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوںکی عوام دشمن پالیسیاں مہنگائی میں اضافہ کا سبب بن چکی ہیں۔ ملک کی تاریخ میں پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ نہیں ہوا جتنا گزشتہ سات برسوں میں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندرمودی حکومت کے ہر فیصلہ کی ٹی آر ایس نے تائید کی ہے ۔ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ پر ٹی آر ایس کی خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹی آر ایس کو عوام کی تکالیف کا کوئی احساس نہیں۔ ٹی آر ایس چاہتی ہے کہ کسی بھی طرح 2023 ء میں دوبارہ کامیابی حاصل ہو۔ ریونت ریڈی نے یقین ظاہر کیا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی رہے گی اور کانگریس کی قیادت میں عوام کے تمام طبقات کی بھلائی کے فیصلے کئے جائیں گے۔ اسی دوران سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے حضور آباد کے النتا کنٹہ منڈل کے مختلف دیہاتوں کا دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو صرف انتخابی کامیابی کی فکر ہے اور انہوں نے مسلمانوں اور گریجن طبقات کو تحفظات کی فراہمی کا وعدہ فراموش کردیا ہے۔ دلتوں کو تین ایکر اراضی کے وعدہ سے انحراف کرلیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں طلبہ اور نوجوانوں نے قربانیاں پیش کیں لیکن گزشتہ سات برسوں میں سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات نہیں کئے گئے ۔ دورہ میں کانگریس امیدوار بی وینکٹ کے علاوہ پردیش کانگریس کے ترجمان آر لکشمن یادو ، جی مہیندر ، افسر یوسف اور دیگر قائدین موجود تھے۔ ر