دلت بندھو اسکیم کا حضور آباد سے آغاز، چیف منسٹر معاشی ترقی کی اسکیم کا افتتاح کریں گے
حیدرآباد۔19 ۔جولائی (سیاست نیوز) حضور آباد اسمبلی حلقہ کا ضمنی چناؤ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے لئے وقار کا مسئلہ بن چکا ہے ۔ انہوں نے رائے دہندوں کو ٹی آر ایس کی طرف راغب کرنے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ حلقہ میں کئی نئے ترقیاتی پراجکٹس کا وعدہ کیا گیا اور تازہ ترین فیصلہ میں چیف منسٹر نے حضور آباد کے دلتوں کو خوش کرنے کیلئے نئی اسکیم کا اعلان کیا ہے ۔ حضور آباد کے رائے دہندوں میں دلت طبقہ کو بادشاہ گر کا موقف حاصل ہے اور دیگر طبقات کے مقابلہ دلت رائے دہندوں کی تعداد زیادہ ہے۔ چیف منسٹر نے دلتوں کو خوش کرنے کیلئے تلنگانہ دلت بندھو اسکیم کا اعلان کیا جس کا عنقریب حضور آباد اسمبلی حلقہ سے آغاز ہوگا۔ دلت امپاورمنٹ کے لئے حکومت نے حالیہ دنوں میں کئی اہم فیصلے کئے ہیں۔ انتخابی فائدہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے اسکیم کو تجرباتی بنیادوں پر حضور آباد میں عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حالانکہ ریاست کے دیگر اسمبلی حلقوں میں بھی اسکیم پر عمل آوری ہوگی۔ چیف منسٹر کے فیصلہ کے فوری بعد سرکاری احکامات جاری کردیئے گئے جس میں کہا گیا ہے کہ دلت طبقہ سماجی ، تعلیمی اور معاشی طور پر پسماندہ ہے۔ دلتوں کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے خصوصی اسکیمات کی ضرورت ہے۔ دلت امپاورمنٹ کیلئے حکومت نے ایک ہزار کروڑ روپئے کا نشانہ مقرر کیا ہے جس کے تحت مختلف معاشی اسکیمات پر عمل کیا جائے گا۔ ہر دلت خاندان کو 10 لاکھ روپئے تک گرانٹ فراہم کی جائے گی جس کے لئے کسی بینک سے اشتراک کی ضرورت نہیں ہوگی۔
