حضور آباد میں دلت بندھو اسکیم کیلئے 500 کروڑ کی اجرائی

   

چیف منسٹر 16 اگست کو اسکیم کا آغاز کریں گے، ضلع نظم و نسق کے انتظامات مکمل

حیدرآباد۔9 ۔اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے 16 اگست کو حضور آباد میں تلنگانہ دلت بندھو اسکیم کے آغاز کے لئے حکومت نے 500 کروڑ روپئے جاری ہیں۔ یہ رقم تلنگانہ شیڈول کاسٹ کوآپریٹیو ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو جاری کی گئی جہاں سے کلکٹر ضلع کریم نگر کو یہ رقم منتقل کردی گئی ۔ دلت بندھو اسکیم کے تحت اہل دلت خاندانوں کو فی کس 10 لاکھ روپئے کی مالی امداد دی جائے گی ۔ کارپوریشن کے نائب صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر پی کروناکر نے کلکٹر کریم نگر کے نام چیکس جاری کرتے ہوئے رقم کو منتقل کردیا ۔ تلنگانہ کابینہ نے اپنے حالیہ اجلاس میں دلت بندھو اسکیم حضور آباد سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پائلٹ پراجکٹ کے طور پر اسکیم کا آغاز کیا جارہا ہے جس کے لئے حکومت نے 1200 کروڑ مختص کئے ہیں۔ یہ رقم حضور آباد اسمبلی حلقہ کے دلت استفادہ کنندگان میں تقسیم کی جائے گی۔ بعد میں ریاست کے 118 اسمبلی حلقہ جات میں ہر حلقہ کے 100 دلت خاندانوں کی مدد کی جائے گی۔ چیف منسٹر توقع ہے کہ حضور آباد منڈل کے شالا پلی گاؤں میں 16 اگست کو رسمی طور پر اسکیم کا آغاز کریں گے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے ترقی کے لئے اختیار کردہ بھونگیر ضلع کے واسالا مری گاؤں میں 4 اگست کو دلت بندھو اسکیم کے تحت 76 مستحق خاندانوں میں فی کس 10 لاکھ روپئے جاری کئے۔ اسکیم کا مقصد دلت خاندانوں کو خود مکتفی بنانا ہے ۔ 10 لاکھ روپئے سے وہ کوئی کاروبار یا پھر چھوٹی صنعت قائم کرسکتے ہیں۔ اسکیم کے فوائد راست طور پر دلتوں کو پہنچانے کیلئے بینک سے مربوط نہیں کیا گیا ہے۔ حضور آباد اسمبلی حلقہ کی جملہ آبادی 70,000 ہے جن میں سے 20929 دلت خاندانوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اسکیم پر عمل آوری میں کوئی کوتاہی نہ رہے ۔