حضور آباد میں دولت و شراب کے استعمال پر سخت کارروائی کا انتباہ

   

چیف الیکٹورل آفیسر ششانک گوئل کا اعلیٰ سطحی اجلاس، پولنگ اسٹیشنوں میں کوویڈ قواعد پر عمل آوری کا مشورہ
حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر ششانک گوئل نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے حضورآباد ضمنی چناؤ انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے رائے دہی مراکز پر بہتر سہولتوں کی فراہمی اور آزادانہ و منصفانہ الیکشن کیلئے تمام ضروری قدم اٹھانے کی ہدایت دی۔ ششانک گوئل نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن پہنچنے والے ووٹرس کیلئے سہولتوں کی کمی نہ ہو۔ انہوں نے ضلع کلکٹر آر وی کرنن، آئی جی ناگی ریڈی، پولیس کمشنر وی ستیہ نارائنا اور نوڈل آفیسرس کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ 30 اکٹوبر کو رائے دہی ہے اس سے قبل ہر پولنگ بوتھ میں برقی، ضعیفوں کیلئے ریمپ، پانی، وہیل چیر اور دیگر سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مبذول کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ نوڈل آفیسرس کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ رائے دہی کے دن تک پولنگ مراکز کا دورہ کرکے بنیادی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔ گوئل نے کہا کہ رائے دہی کے دن کوویڈ قواعد پر عمل کے ذریعہ ووٹرس کو ماسک کے استعمال کی ترغیب دی جائے۔ سنیٹائزر اور سماجی دوری برقرار رکھی جائے۔ رائے دہی صبح 7 بجے تا شام 7 بجے ہوگی۔ ششانک گوئل نے کہا کہ رائے دہی سے 72 گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم ہوجائیگی۔ انتخابی مہم کے سلسلہ میں صبح 10 تا شام 7 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ۔ انڈور پروگرامس میں 200 افراد کی گنجائش رہے گی جبکہ عام جلسوں میں 1000 افراد کی شرط رکھی گئی ۔ گھر گھر مہم چلانے امیدوار کے بشمول صرف 5 افراد کو اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے پولنگ عہدیداروں اور اسٹاف کیلئے خصوصی ٹریننگ کی ہدایت دی۔ ششانک گوئل نے کہاکہ ای وی ایم مشینوں کی کارکردگی سے عہدیداروں کو واقف کرایا جائے۔ پولنگ اسٹاف کیلئے کورونا ٹیکہ کی دونوں خوراک لازمی ہے۔ ویجلنس ٹیموں کے ذریعہ شراب اور دولت کی تقسیم کو روکنے کی ہدایت دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ قواعد کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کئے جائیں۔ ووٹرس کے پاس ووٹر سلپ پہنچانے کا کام ووٹنگ سے قبل مکمل کرلیا جائے۔ ششانک گوئل نے کہا کہ الیکشن کمیشن پرامن انتخابات کیلئے ہر ممکن قدم اٹھارہا ہے۔ ضلع کلکٹر آر وی کرنن نے بتایا کہ حضور آباد اسمبلی حلقہ کے تحت 5 منڈل ہیں اور ووٹرلسٹ تیار کرلی گئی ہے۔ 306 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انتخابی ڈیوٹی کیلئے 428 پریسائیڈنگ آفیسرس، 428 اسسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسرس، 858 او پی او عہدیداراور 30 سیکٹورل عہدیداروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ گورنمنٹ ڈگری کالج میں الیکشن میٹریل کا ڈسٹری بیوشن سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ ووٹوں کی گنتی کریم نگر کے ایس آر آر گورنمنٹ ڈگری و پی جی کالج میں ہوگی جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پولیس کمشنر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ انتخابی قواعد کا سختی سے نفاذ عمل میں آئے گا۔ شراب، دولت کی تقسیم پر پولیس کڑی نظر رکھے گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر جی وی شام پرساد، جی اگروال، اسسٹنٹ کلکٹر میانک متل اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ر