حضور آباد میں ٹی آر ایس کی کامیابی چیف منسٹر کو تحفہ میں پیش کی جائیگی

   

اصل مقابلہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان، کانگریس کی ضمانت ضبط ہوگی : ہریش راؤ
حیدرآباد۔ /26 اگسٹ،( سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ حضور آباد ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو تحفہ میں پیش کی جائے گی۔ حضورآباد کے وینا ونکا منڈل، دیشائی پلی کے فنکشن ہال میں منعقدہ قائدین ، یوتھ کمیٹیوں کے انچارجس سے خطاب میںانہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل ٹی آر ایس کے امیدوار جی سرینواس یادو کامیاب ہوچکے ہیں۔ انتخابات ضابطہ کی تکمیل ہیں۔ ٹی آر ایس قائدین صرف اکثریت کیلئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹالہ راجندر کی بوکھلاہٹ ثبوت ہے کہ انہیں اپنی شکست کا اندازہ ہوگیا ہے۔ ایٹالہ اپنے مسائل کو سارے عالم کے مسائل کے طور پر پیش کرکے عوامی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ حضور آباد کے عوام نے ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی دور حکومت میں اچھے دن نہیں بلکہ مرنے کے دن آگئے ہیں۔ سرکاری شعبہ کے اداروں کو فروخت کرنے کے علاوہ 7 سال کے دوران مودی کی حکومت نے کوئی اچھا کام نہیں کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر ملک کے مخلص چیف منسٹر ہیں جو عوامی مسائل کو اپنے مسائل تصور کرکے حل کرتے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر ریتو بندھو اسکیم متعارف کراتے ہوئے کسانوں کو راحت فراہم کررہے ہیں جبکہ مرکزی حکومت قیمتوں میں اضافہ کرکے کسانوں پر اضافی مالی بوجھ عائد کررہی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سات سال تک وزارت کے اہم قلمدانوں پر برقرار رہنے کے باوجود ایٹالہ راجندر نے حلقہ اسمبلی حضورآباد کی ترقی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مقابلہ میں ضمانت بھی نہیں بچا پائیگی ۔ حضورآباد میں اصل مقابلہ ٹی آر ایس و بی جے پی کے درمیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام غور کریں کہ کس کے کامیاب ہونے پر حلقہ کی کامیابی ہوگی اور عوام کا فائدہ ہوگا۔ چیف منسٹر نے صرف حضور آباد کے دلت طبقات کیلئے 2000 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔N