تلنگانہ تحریک کے قدیم دوست راجندر سے سامنا ، حکمت عملی کے ماہر وزیر فینانس پر چیف منسٹر کو بھروسہ
حیدرآباد۔11 ۔اگست (سیاست نیوز) حضور آباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس کی کامیابی کا مکمل انحصار وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ پر ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہریش راؤ کو انتخابی مہم اور دیگر امور کی ذمہ داری دی ہے اور ہریش راؤ نے حضور آباد الیکشن کو اپنے لئے وقار کا مسئلہ بنالیا ہے۔ حضور آباد اسمبلی حلقہ اگرچہ متحدہ ضلع کریم نگر کے تحت آتا ہے لیکن چیف منسٹر نے ضلع سے تعلق رکھنے والے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو کے بجائے متحدہ ضلع میدک سے تعلق رکھنے والے ہریش راؤ کو الیکشن کی ذمہ داری دی ہے ۔ ہریش راؤ جو سیاسی حلقوں میں ٹربل شوٹر کے نام سے جانے جاتے ہیں، انہوں نے ہر مشکل وقت میں ٹی آر ایس کو تنازعات سے نکالنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ ہریش راؤ کے تجربے کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے انہیں حضور آباد کا انچارج مقرر کیا ہے ۔ ضلع سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزراء کے ایشور اور جی کملاکر اگرچہ حضور آباد میں مستقل طور پر قیام کر رہے ہیں لیکن وہ بھی ہریش راؤ کے تحت کام کریں گے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ہریش راؤ کی سرگرمیوں اور دلچسپی کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ خود انتخابی میدان میں ہیں۔ ٹی آر ایس کے اس مضبوط قلعہ کو بی جے پی کے ہاتھ میں جانے سے روکنے کیلئے ہریش راؤ نے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا ہے۔ ہریش راؤ کی تنظیمی اور قائدانہ صلاحیتوں کا ہر کسی کو اعتراف ہے اور حضور آباد میں اپنے قدیم تحریکی ساتھی ایٹالہ راجندر سے نشست کو چھیننے کے لئے ان سے بہتر کوئی اور قائد نہیں ہوسکتا تھا۔ واضح رہے کہ ہریش راؤ اور ایٹالہ راجندر تلنگانہ تحریک کے دوران کافی قریب تھے اور حکومت کی تشکیل کے بعد بھی دونوں نظریاتی طور پر گہری دوست برقرار رہے۔ پارٹی حلقوں میں کہا جارہا ہے کہ حضور آباد میں دراصل مقابلہ دو دوستوں کے درمیان ہے۔ ہریش راؤ کی توجہ انتخابی مہم سے ہٹانے کیلئے ایٹالہ راجندر نے ہر جلسہ میں ہریش کو نہ صرف مقابلہ کا چیلنج کیا بلکہ مستقبل میں ٹی آر ایس میں ان کا حشر بھی راجندر کی طرح ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے ۔ بی جے پی کی حکمت عملی سے مقابلہ کرنا ہریش راؤ نے اپنے طویل سیاسی تجربہ سے سیکھا ہے ۔ حلقہ میں کے ٹی آر کی انتخابی مہم کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو 16 اگست کو حضور آباد میں دلت بندھو اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے سیاسی ماحول کو مزید گرم کردیں گے ۔ ٹی آر ایس کو یقین ہے کہ دلت بندھو اسکیم سے پارٹی کو فائدہ ہوگا۔