ریونت ریڈی اور سینیئر قائدین کی شرکت، طلبہ اور نوجوانوں کی تائید کا یقین
حیدرآباد۔8 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) حضور آباد میں کانگریس امیدوار بی وینکٹ نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ کانگریس نے این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی انتخابی امور کمیٹی کے صدرنشین دامودر راج نرسمہا ، تشہیر کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ ، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر، رکن اسمبلی جیون ریڈی ، ارکان اسمبلی سریدھر بابو ، سیتکا ، سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر ، اے آئی سی سی سکریٹری سرینواس کرشنن ، ورکنگ پریسیڈینٹ گیتا ریڈی، مہیش کمار گوڑ ، تشہیر کمیٹی کے کنوینر عظمت اللہ حسینی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد ایک جلسہ عام منعقد ہوا جس میں سینکڑوںکی تعداد میں عوام شریک تھے۔ ریونت ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار کے انتخاب کے لئے پارٹی میں کافی غور و خوض کے بعد نوجوان قائد کو امیدوار بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے حضور آباد کے الیکشن کو کبھی بھی نظر انداز نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے دولت ، شراب اور ساڑیاں تقسیم کر رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے گزشتہ پانچ مہینوں میں بنیادی سطح پر کام کیا ہے ۔ کانگریس دولت اور شراب کی تقسیم پر یقین نہیں رکھتی۔ عوامی مسائل پر کانگریس انتخابات لڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پونم پربھاکر نے تلنگانہ کی جدوجہد میں اہم رول ادا کیا ہے اور حضور آباد کی انتخابی مہم کی ذمہ داری انہیں دی گئی ہے ۔ حلقہ کے تمام طلبہ اور نوجوانوں کی تائید کانگریس کو حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی دونوں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور آباد میں کانگریس قائدین اور کارکنوں کو ٹی آر ایس کی جانب سے لالچ دیا جارہا ہے اور عدم شمولیت پر جھوٹے مقدمات کے تحت ہراساں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ میں طلبہ اور نوجوانوں کی تعداد 60 ہزار سے زائد ہے اور کانگریس کو یقین ہے کہ طلبہ اور بیروزگار نوجوان کانگریس کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔ ر