ہر گھر سے ایک ووٹ کا نعرہ، روڈ شو اور جلسوں کا منصوبہ
حیدرآباد۔21 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے حضور آباد کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی 23 اکتوبر سے حضور آباد میں انتخابی مہم چلائیں گے ۔ 23 ، 24 اور 26 اکتوبر کو ریونت ریڈی مختلف علاقوں میں روڈ شو اور جلسوں سے خطاب کریں گے ۔ ریونت ریڈی نے آج پارٹی کے سینئر قائدین کے ساتھ زوم ایپ پر حضور آباد کی انتخابی مہم کا جائزہ لیا۔ پارٹی نے ’’ہر گھر سے کانگریس کو ایک ووٹ‘‘ کا نعرہ لگایا ہے جس کے تحت انتخابی مہم میں عوام سے اپیل کی جائے گی کہ ہر گھر سے کانگریس کو کم از کم ایک ووٹ دیا جائے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں ، طلبہ اور پہلی مرتبہ ووٹ دینے والے رائے دہندوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران پارٹی کے سینئر قائدین مہم میں حصہ لیں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تمام قائدین کو متحدہ طورپر کام کرنا چاہئے اور رائے دہندوں میں یہ پیام دیا جائے کہ پارٹی نے ایک نوجوان کو ٹکٹ دیا ہے۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی حکومتوں کی ناکامیوں کو عوام میں اجاگر کرنے گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ معاہدہ ہوچکا ہے ۔ زوم اجلاس میں ورکنگ پریسیڈنٹ جگا ریڈی ، الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے صدرنشین دامودر راج نرسمہا ، سابق ارکان پارلیمنٹ پونم پربھاکر ، ملو روی ، جنرل سکریٹری وینو گوپال اور دیگر قائدین شریک تھے ۔ ریونت ریڈی نے دیہاتوں اورمنڈل کی سطح پر مہم میں شدت پیدا کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ریونت ریڈی کے تین روزہ انتخابی دورہ کے پروگرام کو قطعیت دی جاچکی ہے جس میں تمام طبقات کے قائدین کے ساتھ اجلاسوں کے علاوہ عام جلسوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ ر