دوسرے دن ہریش راؤ کا طوفانی دورہ ، خواتین میں بلا سودی 20 کروڑ قرض کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ جنگی خطوط پر حضور آباد میں 4 ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ ساتھ ہی خواتین میں بلا سودی 20 کروڑ روپئے قرض کی اجرائی عمل میں لائی ۔ ہریش راؤ نے دوسرے دن حضور آباد اسمبلی حلقوں کے مختلف مقامات پر ترقیاتی و تعمیری کاموں میں حصہ لیا ۔ حضور آباد مارکٹ یارڈ میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی حلقہ حضور آباد کے لیے 4 ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات منظور کیا تاہم ایٹالہ راجندر نے غریب عوام کے لیے منظور کردہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی ۔ جس کی وجہ سے حلقہ اسمبلی حضور آباد میں ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی نے اپنے حلقہ میں 4 ہزار مکانات ، وزیر اکسائز سرینواس گوڑ نے محبوب نگر میں 3400 اور سابق وزیر ٹی ناگیشور راؤ نے کھمم میں 2500 ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کروائیں ۔ اسمبلی حلقہ حضور آباد کے 19 گاؤں میں ایک بھی مکان تعمیر نہیں ہوا ۔ وہ عوام سے وعدہ کرتے ہیں جنگی خطوط پر یہاں مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ ساتھ ہی جن کے پاس اراضی ہے انہیں مکانات کی تعمیرات کے لیے فنڈز بھی جاری کئے جائیں گے ۔ اس کے لیے بجٹ میں 10 ہزار کروڑ روپئے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے ۔ ایک دوسرے پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی حلقہ حضور آباد کے 19 گاؤں کی خواتین کو شہری علاقوں میں 30 وارڈس کی خواتین کو بغیر سودی قرض فراہم کرایا جارہا ہے ۔ استری ندھی ، بینک لنکیج ، بلا سودی قرض کے طور پر 20 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا خواتین میں اس طرح کا قرض بی جے پی اور کانگریس کے زیر اقتدار ریاستوں میں دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوائے تلنگانہ کے ملک بھر میں خواتین کو بلا سودی قرض نہیں دیا جارہا ہے ۔ ابھی تک دیہی علاقوں کی خواتین کو بلا سودی قرض جاری کئے گئے ۔ اب یہاں سے شہری علاقوں کی خواتین کو بھی بلا سودی قرض کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی اور حضور آباد کے شہری علاقوں کی خواتین 1.90 کروڑ روپئے کے قرض جاری کئے جائیں گے ۔ بہت جلد آسرا پنشن کی عمر گھٹا کر 57 کیا جائے گا ۔۔
