حضور آباد کے ضمنی چناو کیلئے چیف منسٹر کی خفیہ حکمت عملی

   

امیدوار کے نام کا لمحہ آخر میں اعلان کیا جائے گا
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حضور آباد اسمبلی حلقہ کے لئے نئی حکمت عملی تیار کی ہے جس کے تحت پارٹی امیدوار کے نام کا اعلان لمحہ آخر میں کیا جائے گا ۔ پارٹی کے باغی لیڈر ایٹالہ راجندر سے مقابلہ کیلئے حضور آباد میں مضبوط امیدوار کی ضرورت ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے موزوں امیدوار کی حیثیت سے چند قائدین کے ناموں پر مشاورت کی ہے ۔ تاہم یہ فیصلہ کیا گیا کہ امیدوار کے نام کا اعلان پرچہ نامزدگی کے ادخال کی تاریخ سے عین قبل کیا جائے گا۔ دوباک کے ضمنی چناؤ میں شکست کے بعد سے چیف منسٹر نے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں اپنی حکمت عملی تبدیل کردی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ایم ایل سی انتخابات اور پھر ناگر جنا ساگر ضمنی چناؤ میں امیدواروں کے ناموں کا لمحہ آخر میں اعلان کیا گیا اور یہ حکمت عملی پارٹی کی کامیابی کی ضمانت بن گئی ۔ لہذا حضور آباد کے امکانی ضمنی چناؤ میں بھی اسی طرح کی حکمت عملی اختیار کی جائے گی ۔ لمحہ آخر میں امیدوار کے نام کے اعلان سے مخالف پارٹی کو دشواری ہوسکتی ہے۔ اگر امیدوار کے نام کا پہلے اعلان کردیا جائے تو نہ صرف پارٹی میں اختلافات پیدا ہوں گے بلکہ امیدوار کے خلاف مہم چلانے میں اپوزیشن جماعتوں کو کافی وقت مل جائے گا ۔ ایٹالہ راجندر کے اسمبلی کی رکنیت سے استعفی کی صورت میں توقع ہے کہ اگست یا ستمبر میں حضور آباد کا ضمنی چناؤ منعقد ہوگا۔ دوسری طرف چیف منسٹر نے کریم نگر سے تعلق رکھنے والے ناراض قائدین کو منانے کیلئے مختلف سرکاری اداروں میں نامزد عہدوں پر تقررات کا تیقن دیا ہے ۔