حیدرآباد: حضور آباد میں ٹی آر ایس کی جانب سے سابق وزیر ایٹالہ راجندر سے مقابلہ کی تیاریوں کے دوران کانگریس کے حضور آباد انچارج کوشک ریڈی کی کے ٹی آر کے ساتھ وائرل تصاویر نے کانگریس حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے ۔ کوشک ریڈی جو صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے قریبی رشتہ دار ہیں، انہیں اسمبلی انتخابات میں راجندر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ ٹی آر ایس سے راجندر کے اختلافات اور وزارت سے برطرفی کے بعد کوشک ریڈی نے راجندر کے خلاف محاذ کھول دیا تھا۔ ٹی آر ایس کے اخبار اور ٹی وی چیانل میں کوشک ریڈی کو روزانہ پیش کرتے ہوئے راجندر کے خلاف الزامات عائد کئے گئے۔ بتایا جاتاہے کہ کوشک ریڈی نے حال ہی میں ایک خانگی تقریب میں کے ٹی آر سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات کی تصویر سوشیل میڈیا میں وائرل ہوچکی ہے۔ کانگریس کے مقامی قائدین کے ٹی آر سے ملاقات پر اعتراض کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی انچارج کا کے ٹی آر سے ملاقات کرنا پارٹی کے لئے نقصان دہ ہے ۔ بعض گوشوں کا کہنا ہے کہ کوشک ریڈی حضور آباد اسمبلی حلقہ سے ٹی آر ایس کے ٹکٹ کی کوشش کر رہے ہیں اور اسی سلسلہ میں وہ ٹی آر ایس کے قائدین سے ربط میں ہیں۔