حضور آباد امیدوار کے مسئلہ پر کانگریس پارٹی منقسم5 ستمبر تک درخواستوں کی طلبی

   

حیدرآباد۔3 ۔ستمبر (سیاست نیوز) حضور آباد اسمبلی حلقہ میں امیدوار کے مسئلہ پر کانگریس پارٹی منقسم ہوچکی ہے۔ پارٹی امیدوار کے طور پر کنڈا سریکھا کے نام پر ضلع سے تعلق رکھنے والے قائدین کے اعتراض کے بعد امیدوار کے انتخاب کا مسئلہ تعطل کا شکار ہوچکا ہے ۔ مقامی قائدین کا کہنا ہے کہ 2023 ء اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کسی مقامی قائد کو امیدوار بنایا جائے ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اس مسئلہ پر مشاورت کے بعد امیدواری کے لئے درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔ بتایا جاتاہے کہ حضور آباد سے امیدواری کیلئے مقامی قائدین میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ، اسکے نتیجہ میں محض دو درخواستیں داخل ہوئیں اور دونوں غیر سنجیدہ امیدوار بتائے جاتے ہیں۔ کونڈا سریکھا نے درخواست دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ اگر پارٹی انہیں امیدوار بناتی ہے تو وہ مقابلہ کیلئے تیار ہے۔ 5 ستمبر تک درخواستیں طلب کی جائیں گی اور 10 ستمبر کو سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا پر مشتمل کمیٹی امیدواروںکے ناموں کی ہائی کمان سفارش کرے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے کونڈا سریکھا کے نام پر پہلے ہی اتفاق کرلیا ہے اور غیر سنجیدہ امیدواروں کو دیکھتے ہوئے آخر میں ان کے نام کا اعلان کیا جائے گا ۔ R