حضور نبی پاک ﷺ کی محبت بغیر ایمان نا مکمل ، سنت نبوی پر مکمل عمل پیرا ہونا ہی ایک مومن کی شان

   

قلی قطب شاہ اسٹیڈیم پر عظیم الشان 1500سالہ جشن میلاد النبی ؐکانفرنس سے مہمانِ خصوصی علامہ الشاہ مفتی محمد عسجد رضا خاں قادری و دیگر کا خصوصی خطاب
حیدرآباد۔یکم ۔ ستمبر ۔ ( راست ) ۔ یقینا اللہ نے سب سے پہلے اپنے نور سے اپنے حبیب پاک ﷺ کے نور کو پیدا فرمایا اور اسی نور سے ساری کائنات کو پیدا کیا ۔ دین اسلام اللہ کا پسندیدہ دین ہے رب تعالیٰ نے اپنے حبیب مصطفیٰ کو رحمۃ اللعالمین بناکر بھیجا ۔ اللہ نے حضور پاک ﷺ کو وہ عظمتیں اور شان عطا فرمائی جو کسی نبی کو عطا نہیں ہوئی ۔ اللہ نے حبیب پاک کو وہ قدرت و علم عطا کیا جو کسی اور کو نصیب نہیں ہوا ۔ اگر محمد مصطفیٰ حکم فرمادیں تو سورج پلٹ آئے ، چاند دو ٹکڑے ہوجائے ، کنکریاں کلمہ پڑھے ، شجر و حجر سلام کریں ۔ جانور آپ سے اپنی فریاد کریں ۔ یہ عظمت و شان ہمارے آقا کی ہے کہ رب تعالیٰ نے اپنے محبوب کے ذکر کو بلند و بالا فرمادیا ۔ آپ چونکہ نور ہیں اس لئے آپ کا نور بھی پاک ثعلبوں سے منتقل ہوتے ہوئے عرب کے عظیم قبیلہ قریش میں حضرت عبداللہ کے ثعلب میں منتقل ہوا ۔ اور جب میرے آقا ﷺ کی جلوہ گری اس کائنات عالم میں ہوئی تو سارے بت گرپڑے ۔ یقینا ہمارے لئے سب سے بڑی نعمت حضور پاک ﷺ کی ذات مقدسہ کی شکل میں اللہ تعالیٰ نے عطا فرمائی ۔ قرآن پاک میں رب تعالیٰ نے ایمان والوں سے ارشاد فرمایا کہ ’’قد جاء کم من اللہ نور و کتاب مبین‘‘ بے شک تمہارے پاس اللہ کی طرف سے ایک نور یعنی (حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ) اور ایک روشن کتاب یعنی قرآن مجید آیا ۔ آج ہم تمام اس 1500سالہ جشن عید میلاد النبی ؐمنانے کیلئے جمع ہوئے ہیںجو ہماری محبت اور غلامی کا ثبوت ہے ۔ جو ہمارے لئے باعث ِ سعادت و نعمت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار 1500 سالہ جشن عید میلادالنبی ؐ کانفرنس منعقدہ 30؍ اگسـٹ2025ء بروز ہفتہ ، بعد عشاء ، قلی قطب شاہ اسٹیڈیم ، ہائی کورٹ روڈ سے مہمانِ خصوصی مولانا الشاہ المفتی محمد عسجد رضا خاں قادری (سجادہ نشین خانقاہ عالیہ رضویہ تاج الشریعہ و سربراہ اعلیٰ جامعۃ الرضاء و صدر اعلیٰ جماعت ِ رضائے مصطفیٰ بریلی شریف ) نے کیا ۔ محمد قادر خان رضوی القادری اور محمد عمران طاہرنے مہمانِ خصوصی و مہمان مقررین کا استقبال کیا ۔مولانا مفتی عاشق حسین رضوی (کشمیری ) نے کہا کہ نبی پاک ﷺ کو تمام نبیوں کے بعد آخر میں خاتم النبینﷺ بناکر بھیجنا اللہ پاک کا ایک عظیم مقصد تھا ۔ یقینا جو حضور پاک ﷺ کی محبت کو اپنے اوپر لاز م کرلے وہ کامیاب وہ کامران ہیں ۔ جب ہم اپنے آقا کی عظمت کو بیان کرتے ہیں یقینا رب تعالیٰ کی خوشنودی اور بخشش ہمارا حصہ بن جائیگی ۔ مولانا مفتی محمد ساجد علی مصباحی قادری رضوی ( کرلا ، ممبئی) نے کہا کہ قرآن پاک میں جہاں اللہ پاک نے حضور پاک کو روشن نور فرمایا ہے اور ایمان والوں کیلئے ہدایت کا سرچشمہ قرار دیا ۔ یقینا ہمارے مومن ہونے کی یہی علامت ہے کہ اپنے آقاء محمد عربی ﷺ سے محبت کرتے ہیں اور ہماری محبت صرف نام کی نہ ہو بلکہ ہم پر لازم ہے کہ ہم مکمل اسوئہ رسول ﷺ پر عمل پیرا ہوجائیں ۔ میں نوجوانوں سے گذارش کرونگا کہ وہ کوئی بھی سنت ترک نہ کریں ۔ مفتی شمشاد احمد مصباحی ( گھوسی ، یو ۔پی ) نے کہا کہ سرزمین حیدرآباد پر آج اس عظیم جشن عید میلاد کے موقع پر عاشقانِ رسول کا یہ ہجوم اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ حیدرآباد کے لوگ حضورؐ سے کس قدر محبت کرتے ہیں ۔نبی پاک کی ولادت مبارکہ عاشقوں کیلئے عید کا دن ہے جس کی وجہ سے ہمیں قرآن ملا ، شریعت ملی اور دیگر عیدیں ملی غرض ہر شئے حضور پاک کا صدقہ ہے ۔ یقیناً حضور پاک کی ولادت مقدسہ کا مقصد ہی انسانیت کو اس کے کمال اور عروج پر پہونچانا تھا ۔ علامہ محمد اویس رضا قادری سہیل میاں (سربراہ اعلیٰ مرکزاہل سنت جماعت ) نے بھی خطاب کیا ۔ جناب محمد شاہد اقبال قادری (صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی ) ، جناب سید اعزاز محمد قادری نے شرکت کی ۔ کانفرنس کا آغاز حافظ و قاری محمد اکرم رضا کی قرات سے ہوا ۔ نظامت کے فرائض مولانا محمد محبوب رضا نے انجام دئیے ۔ مولانا محمد رفیق رضا قادری ، جناب صابر رضا قادری ، سید غوث حسینی قادری نے ہدیہ نعت پیش کیا ۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام پر کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا ۔