امیدوار کا جلد اعلان، بھٹی وکرمارکا کا بیان
حیدرآباد۔21۔ ستمبر (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے دعویٰ کیا کہ حضور نگر کے ضمنی انتخابات میں کانگریس پارٹی کامیابی حاصل کرے گی ۔ الیکشن کمیشن نے حضور نگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ 21 اکتوبر کو رائے دہی اور 24 اکتوبر کو نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا ۔ اسمبلی میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ حضور نگر کے لئے پارٹی امیدوار کا جلد اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں ایسی اپوزیشن کی ضرورت ہے جو حکومت سے سوال کرسکے۔ یہی وجہ ہے کہ حضور نگر کے رائے دہندے کانگریس پارٹی کو کامیاب کریں گے ۔ یہ کامیابی کانگریس اور جمہوریت کیلئے اہمیت کی حامل ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے بتایا کہ انتخابی مہم میں پارٹی کے تمام قائدین حصہ لیں گے۔ تلنگانہ میں جمہوریت کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خوف و دہشت کا ماحول پیدا کرتے ہوئے حضور نگر میں کامیابی کا ایک منصوبہ رکھتی ہے۔ الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی درخواست کی جائے گی۔ بعض سرکاری عہدیدار یکطرفہ طور پر برسر اقتدار پارٹی کے حق میں کام کر رہے ہیں۔ ایسے عہدیداروں کو اپنے رویہ میں تبدیلی لانی ہوگی ۔ انہوں نے حضور نگر کے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ایک شیر کی طرح دلیری کے ساتھ کام کرتے ہوئے کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس میں اختلافات عروج پر ہے اور مالکین اور کرایہ داروں کے درمیان تنازعہ جاری ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس نے تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے والوں کو استعمال کیا لیکن اقتدار حاصل ہوتے ہی انہیں فراموش کردیا گیا۔ پارٹی کے داخلی اختلافات پر تبصرہ سے گریز کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ اختلاف رائے فطری ہے لیکن تمام قائدین پارٹی کی کامیابی کیلئے متحدہ جدوجہد کریں گے ۔