حضور نگر حلقہ سے تلگو دیشم کا مقابلہ ، سی پی آئی ایم سے حصول تائید

   

صدر تلنگانہ تلگو دیشم کی سکریٹری سی پی آئی ایم ٹی ویرا بھدرم سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز): تلنگانہ کے حلقہ اسمبلی حضور نگر میں آئندہ ماہ منعقد شدنی ضمنی انتخاب میں تلگو دیشم پارٹی حصہ لیتے ہوئے پارٹی قائدین وکارکنوں کی ہمت افزائی کرنے اور اپنی کامیابی کے لیے کوششوں کا آغاز کیا ہے اور اس کڑی کے ایک حصہ کے طور پر صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا نے ضمنی انتخاب میں پارٹی کی تائید کے حصول کے لیے سی پی آئی ایم کے ساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے اور اس سلسلہ میں سکریٹری ریاستی سی پی آئی ایم کمیٹی تلنگانہ ٹی ویرا بھدرم سے ابتدائی اقدام کے تحت صدر تلگو دیشم نے آج فون پر بات چیت کی اور بتایا چونکہ فی الوقت سی پی آئی ایم ضمنی انتخابی مقابلہ میں نہ ہونے کی وجہ سے کم از کم تلگو دیشم کا ساتھ دینے کی خواہش کی ۔ ایل رمنا کی اس خواہش پر ٹی سیتارام نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واقف کروایا کہ پارٹی قائدین کے ساتھ بات چیت کرنے کے بعد ہی کوئی قطعی فیصلہ کیا جائے گا ۔ سی پی آئی ایم ذرائع کے مطابق محض سی پی آئی ایم امیدوار کے پرچہ نامزدگی کو تنقیح کے دوران مسترد کردیا گیا ۔ جس کی وجہ سے سی پی آئی ایم انتخابی مقابلہ سے باہر ہے ۔ اسی دوران سینئیر قائد تلگو دیشم و رکن پولیٹ بیورو اور سابق رکن پارلیمان آر چندر شیکھر ریڈی کے مطابق سی پی آئی اور سی پی آئی ایم ہمیشہ تلگو دیشم کی دوست پارٹیاں رہی ہیں اور اب چونکہ سی پی آئی نے قبل ازیں ہی انتخابی مقابلہ میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرنے کی وجہ سے ٹی آر ایس نے سی پی آئی سے ربط پیدا کر کے انتخاب میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی امیدوار کی تائید کرنے کے لیے سی پی آئی کو منوالیا اور اب اسی طرح تلگو دیشم نے سی پی آئی ایم امیدوار کے پرچہ نامزدگی کو مسترد کردیئے جانے کے باعث انتخابی میدان سے سی پی آئی ایم باہر ہوجانے کے نتیجہ میں سی پی آئی ایم کی تائید حاصل کرنے کی کوششوں کا تلگو دیشم نے آغاز کیا ہے ۔ آر چندر شیکھر ریڈی نے توقع کا اظہار کیا کہ سی پی آئی ایم حضور نگر ضمنی انتخاب میں تلگو دیشم پارٹی امیدوار کی بھر پور تائید کرنے پر سنجیدگی سے غور کرے گی ۔ جب کہ تلنگانہ جنا سیمتی صدر پروفیسر کودنڈا رام نے بھی حضور نگر ضمنی انتخاب میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو شکست فاش دینے اور حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں سے واقف کرتے ہوئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی حقیقی صورتحال کو بے نقاب کرنے کے مقصد سے کانگریس پارٹی امیدوار کی بھر پور تائید کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کو دیگر مختلف پارٹیوں کی تائید کے پیش نظر اب انتخابی سرگرمیوں میں گرما گرمی پیدا ہورہی ہے ۔۔