حضور نگر سے شریمتی پدماوتی کی امیدواری کی تائید: کے وینکٹ ریڈی

   

حیدرآباد۔/19 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ حضور نگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں اگر اتم کمار ریڈی کی اہلیہ شریمتی پدماوتی پارٹی امیدوار ہوتی ہیں تو وہ انہیں کامیاب بنائیں گے۔ اسمبلی لابی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ضلع میں اتم کمارریڈی، جانا ریڈی اور دامودھر ریڈی جیسے قائدین گزشتہ کئی دہوں سے سیاست میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ضلع سے متعلق اُمور میں دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والوں کی مداخلت غیر ضروری ہے۔ انہوں نے ریونت ریڈی کا نام لئے بغیر کہا کہ پردیش کانگریس ورکنگ کمیٹی کو نلگنڈہ سے کیا کام ہے۔ ضلع میں ہم تمام سینئر قائدین ہیں اور امیدوار کے بارے میں ہم آپس میں بات چیت کرکے فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے افراد کو اس مسئلہ پر اظہار خیال کرکے اپنے آپ کی توہین سے بچنا چاہیئے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ حضور نگر اسمبلی حلقہ کیلئے شریمتی پدماوتی بہتر امیدوار ہیں۔ وہی کامیاب ہوں گی اور ہم انہیں کامیاب کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حضور نگر حلقہ میں قائدین اور عوام کی خواہش ہے کہ پدماوتی مقابلہ کریں۔ ہمارے ضلع میں کسی اور کا تسلط ہم نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدہ کی دوڑ میں ہیں۔ عہدہ ملے یا نہ ملے وہ پارٹی کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کا بھتیجہ خود بی جے پی میں ہے اور جہاں تک میرے بھائی راجگوپال ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت کا سوال ہے آپ خود ان سے اس بارے میں سوال کرلیں۔