اپوزیشن کانگریس اور ٹی آر ایس قائدین کے درمیان طاقت آزمائی،انتخابی مہم کا آغاز
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ضلع سوریا پیٹ حلقہ اسمبلی حضور نگر کے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں آج ریٹرننگ آفیسر کو کانگریس امیدوار پدماوتی ریڈی کی جانب سے پرچہ جات نامزدگی کے دو سیٹس وصول ہوئے جبکہ آزاد امیدوار ایم رگھوما ریڈی اور جی بنسی لا نے بھی اپنے پرچہ جات نامزدگی داخل کی ہے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی کی اہلیہ این پدماوتی ریڈی نے آج جلوس کی شکل میں تحصیلدار کے دفتر پہنچ کر اپنے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے ۔ ان کے بعد دو آزاد امیدواروں نے بھی اپنا پرچہ داخل کیا۔ اس حلقہ میں کانگریس اور حکمراں ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے گرما گرم انتخابی مہم چلائی جارہی ہے۔ دونوں پارٹیاں رائے دہندوں کو رجحانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہیں اور توقع کا اظہار کیا گیا ہے کہ اس نشست پر ان کا امیدوار کامیاب ہوگا۔ ٹی آر ایس کے امیدوار سیدی ریڈی جوگزشتہ مرتبہ صرف 7000 ووٹوں سے پیچھے تھے ، اس مرتبہ یہ نشست کانگریس سے چھین لینے کی کوشش میں شدت پیدا کردی ہے ۔ حضور نگر میں زعفرانی پارٹی بی جے پی نے بھی مضبوط امیدوار ٹھہرا نہیں کیا ۔ فی الحال بی جے پی میں کیسرا سری کلا ریڈی کو امیدوار بنانے کی توثیق کی ہے جو غیر معروف ہیں۔ کانگریس قائدین نے توقع ظاہر کی ہے کہ تلنگانہ حضور نگر اسمبلی حلقہ میں کانگریس کی ہی جیت ہوگی کیونکہ یہ کانگریس کا گڑھ ہے۔