حضور نگر میں اتم کمار ریڈی اور کودنڈا رام کی انتخابی مہم

   

ٹی آر ایس کو عوام دشمن پالیسیوں پر سبق سکھانے کی ضرورت، آر ٹی سی ملازمین سے اظہارِ یگانگت
حیدرآباد۔14 اکتوبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے آج حضورنگر میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ دونوں قائدین نے رائے دہندوں سے ملاقات کی اور ٹی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کو سبق سکھانے کیلئے کانگریس کی تائید کی اپیل کی۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر میں سرکاری مشنری کا بے جا استعمال کرتے ہوئے کامیابی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کے مسئلہ پر ٹی آر ایس ’’ڈبل گیم‘‘ کھیل رہی ہے۔ آج تک غریبوں کو مکانات فراہم نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی آڑ میں سیاست کی جارہی ہے جبکہ وزراء اور ارکان اسمبلی کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی چھوٹ دے دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں کو جھوٹے مقدمات میں ماخوذ کرتے ہوئے ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی کامیابی کی صورت میں حضورنگر میں ترقی اور امن ممکن ہوپائے گا۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید کی اور کہا کہ چیف منسٹر کی ہٹ دھرمی کے رویہ کے سبب کئی ملازمین کی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ حکومت نے جو وعدے کئے تھے، ان پر عمل آوری ہونی چاہئے۔ صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ کسانوں کو قرض معافی کا وعدہ کیا گیا، لیکن آج تک اسکیم تیار نہیں کی گئی۔ حکومت کے تیقن کے سبب کسان مزید قرض میں مبتلا ہوچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر عوامی مسائل کے حل کیلئے سیکریٹریٹ نہیں آتے، بلکہ پرگتی بھون تک محدود ہوچکے ہیں۔ پرگتی بھون میں عوام اور عوامی تنظیموں کو داخلے کی اجازت نہیں۔ کودنڈا رام نے کہا کہ کے سی آر، آر ٹی سی کو خانگیانے کے ذریعہ اثاثہ جات اپنے قریبی افراد میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹی آر ایس کامیابی حاصل کرتی ہے تو ٹی آر ایس کے تکبر میں مزید اضافہ ہوگا اور عوامی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت سے سوال کرنے والی آواز کے استحکام کیلئے پدماوتی ریڈی کو کامیاب بنائیں۔ اتم کمار ریڈی اور کودنڈا رام نے سوریہ پیٹ کے کئی منڈلوں میں ایک ساتھ دورہ کرتے ہوئے انتخابی مہم میں حصہ لیا۔