حضور نگر میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کانگریس پر الزام

   

چیف الیکٹورل آفیسر سے ٹی آر ایس کی نمائندگی، مذہبی مقامات پر انتخابی مہم کی شکایت
حیدرآباد۔9۔ اکتوبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے حضور نگر کے ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار پدماوتی ریڈی اور صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف الیکٹورل آفیسر سے شکایت کی ہے۔ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ مذہبی مقامات کو انتخابی مہم کیلئے استعمال کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایک مندر کو تین لاکھ روپئے کا عطیہ دیا گیا۔ ٹی آر ایس کے جنرل سکریٹری ایم سرینواس ریڈی اور الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر ڈی وٹھل نے چیف الیکٹورل آفیسر کے علاوہ ریٹرننگ آفیسر حضور نگر کو یادداشت روانہ کی۔ انہوں نے کہا کہ 6 اکتوبر کو نریڈ چرلہ منڈل میں اتم کمار ریڈی نے اپنے حامیوں کے ساتھ باپٹسٹ چرچ میں انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے پاسٹرس اور چرچ ارکان کے ساتھ احاطہ میں اجلاس منعقد کیا اور اقلیتوں کیلئے بعض مراعات کا وعدہ کیا۔ پردیش کانگریس کے صدر اور ان کے حامی کانگریس کا اسکارف ڈالے ہوئے تھے جس کی میڈیا میں کافی تشہیر ہوئی ہے ۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق مذہبی مقامات کو انتخابی مہم کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ ایک اور یادداشت میں ٹی آر ایس نے شکایت کی کہ میٹا پلی منڈل میں واقع ایک مندر میں پدماوتی ریڈی اور ان کے حامیوں نے انتخابی مہم چلائی اور ووٹ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے مندر کے احاطہ میں بعض افراد کو پارٹی میں شامل کرتے ہوئے گلپوشی کی ۔ الیکٹورل آفیسر سے شکایت کی گئی کہ اتم کمار ریڈی نے مدیراج ٹمپل کو تین لاکھ روپئے کا عطیہ یکم اکتوبر کو دیا اور یہ چیک رین سمنٹ کمپنی کے ذریعہ دیا گیا جو اتم کمار ریڈی سے تعلق رکھتی ہے۔ سری پانچا پانڈوا دیو سوسائٹی کے نام یہ چیک جاری کیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس نے کانگریس قائدین کے علاوہ مذکورہ کمپنی کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے۔