حضور نگر میں تائید پر تلنگانہ جنا سمیتی سے اظہار تشکر

   

کانگریس کی کامیابی جمہوریت کا استحکام ، خازن پردیش کانگریس نارائن ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد۔2 ۔ اکتوبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے حضور نگر ضمنی چناؤ میں کانگریس کی تائید پر تلنگانہ جنا سمیتی سے اظہار تشکر کیا ۔ نارائن ریڈی نے پارٹی قائدین کے ہمراہ کل صدرنشین تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام سے ملاقات کی تھی ۔ دونوں پارٹیوں نے کے سی آر کی مخالف عوام پالیسیوں اور ڈکٹیٹرشپ حکمرانی کے خلاف متحدہ جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ جنا سمیتی نے اپنی عاملہ کے اجلاس میں حضور نگر سے ٹی آر ایس کی تائید کا فیصلہ کیا ۔ جی نارائن ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں زرعی شعبہ ، صحت اور مالیاتی شعبہ جات سخت بحران کا شکار ہیں۔ ان حالات میں حضور نگر کا چناؤ نہ صرف موجودہ حکومت پر اثرانداز ہوگا بلکہ ریاست کی مجموعی صورتحال پر اثر پڑسکتا ہے۔ ٹی آر ایس حکومت بحران کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ حضور نگر کے عوام کانگریس کے حق میں ووٹ دے کر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو سخت پیام دے سکتے ہیں۔ اس مرحلہ پر تلنگانہ جنا سمیتی کی کانگریس کو تائید اہمیت کی حامل ہے اور ریاست میں اپوزیشن کی آواز مستحکم ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ حضور نگر میں کانگریس کا موقف مستحکم ہے اور تلنگانہ جنا سمیتی کی تائید سے پدماوتی ریڈی کی کامیابی یقینی ہوچکی ہے۔ اگرچہ حضور نگر کا ضمنی چناؤ محض ایک حلقہ تک محدود ہے لیکن اس کے اثرات ریاست بھر میں مرتب ہوں گے ۔ کے سی آر نے جمہوری اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کو کمزور کردیا ۔ اپوزیشن کے قائدین کو انحراف کے لئے مجبور کیا گیا ۔ حضور نگر میں کانگریس کی کامیابی نہ صرف جمہوریت کی بحالی بلکہ اپوزیشن کے وقار میں اضافہ کا سبب بنے گی ۔ انہوں نے پروفیسر کودنڈا رام سے اظہار تشکر کیا اور امید ظاہر کی کہ تلنگانہ جنا سمیتی کی تائید نہ صرف کانگریس کی کامیابی بلکہ تلنگانہ میں جمہوریت کے استحکام میں اہم رول ادا کرے گی ۔