روڈ شوز میں حصہ لینے کا امکان ، چندرا بابو نائیڈو بھی مسلسل جائزہ لے رہے ہیں
حیدرآباد ۔8 اکٹوبر ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں حلقہ اسمبلی حضور نگر کیلئے جاریہ ماہ منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں تلگودیشم پارٹی امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کرنے والی شریمتی سی کرن مائی کی تائید میں ممتاز تلگو فلم اسٹار و رکن اسمبلی ہندو پور تلگودیشم پارٹی مسٹر این بالا کرشنا انتخابی جلسوں سے نہ صرف خطاب کرنے بلکہ روڈ شوز میںحصہ لینے کی قوی توقع پائی جارہی ہے اور بتایا جاتا ہیکہ مسٹر این بالا کرشنا جاریہ ماہ 13اکٹوبر تا 18اکٹوبر کے دوران اپنے دورہ حلقہ اسمبلی حضور نگر کو قطعیت دیں گے ۔ پارٹی کے باوثوق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی حضور نگر کے ضمنی انتخاب کے تعلق سے خود قومی صدر تلگودیشم پارٹی و سابق چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بھی اپنی خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی قائدین تلنگانہ کے ساتھ مسلسل ربط برقرار رکھے ہوئے ہیں اور انتخابی مہم سے متعلق مکمل معلومات حاصل کرتے ہوئے مختلف قائدین تلگودیشم پارٹی کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی ہدایات دے رہے ہیں اور ان ہدایات کے ایک حصہ کے طور پر ہی مسٹر این بالا کرشنا بھی بہرصورت حلقہ اسمبلی حضور نگر کے ضمنی انتخاب میں تلگودیشم پارٹی امیدوار شریمتی کرن مائی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے اور مختلف مقامات پر منعقد کئے جانے والے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے ۔ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا ، ارکان پولیٹ بیورو تلگودیشم پارٹی آر چندر شیکھر ریڈی ، اروند کمار گوڑ ، کے دیاکر ریڈ و دیگر سینئر قائدین نے گذشتہ دن حلقہ ا سمبلی حضور نگر میں پارٹی امیدوار شریمتی کرن مائی کی جاری انتخابی مہم اور سیاسی صورتحال سے قومی صدر تلگودیشم پارٹی و سابق چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والی تمام جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم کے سلسلہ میں خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔ لہذا تلگودیشم پارٹی کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرنے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس کے پیش نظر مسٹر چندرابابو نائیڈو نے تلگودیشم پارٹی امیدوار کی انتخابی میں تیزی پیدا کرنے کیلئے روڈ شوز ، عام جلسے منعقد کرنے کی پارٹی قائدین کو ضروری ہدایات دیں ۔