لینڈ مافیا کو ٹی آر ایس رکن راجیہ سبھا کی سرپرستی، اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد: صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے شخصی مددگار اور ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار حضور آباد میں لینڈ مافیا کی مدد کر رہے ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سرکاری اور قبائلیوں کی اراضیات پر ناجائز قبضوں کے باوجود ضلع اور ریاستی انتظامیہ خاموش ہیں۔ ٹی آر ایس کے کونسلرس اور دیگر قائدین نے الزام عائد کیا ہے کہ غیر سماجی عناصر نے ہزاروں کروڑ مالیاتی سرکاری اراضی پر قبضہ کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مٹم پلی منڈل کے قبائلی علاقوں میں اراضیات پر قبضوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مقامی افراد کے پاس اراضی کے دستاویزات نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حضور نگر کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے انہوں نے علاقہ میں سڑکیں تعمیر کی تھیں۔ ٹی آر ایس رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد سے سرکاری اور قبائلی اراضیات پر قبضہ کرلیا گیا ۔ انہوں نے بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کی جانب سے قابل اعتراض بیانات کی مذمت کی اور کہا کہ پارٹی کے ریاستی صدر ہونے کے باوجود سنجے اخلاق سے محروم ہیں۔ میں نے ایرفورس پائلٹ کی حیثیت سے ملک کی خدمت کی ہے لیکن بنڈی سنجے بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی صدر چیف منسٹر کے خلاف الزامات میں سنجیدہ ہیں تو انہیں مرکزی حکومت سے تحقیقات کا اعلان کرانا چاہئے۔