حضور نگر میں سی پی آئی نے ٹی آر ایس کی تائید کا اعلان کیا

   

حیدرآباد۔یکم اکتوبر ( سیاست نیوز) سی پی آئی نے حضور نگر کے ضمنی چناؤ میں برسر اقتدار ٹی آر ایس کی تائید کا آخر کار اعلان کردیا ۔ آج حیدرآباد میں پارٹی عاملہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اجلاس میں حضور نگر کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ٹی آر ایس کی تائید کا فیصلہ کیا گیا ۔ ٹی آر ایس امیدوار سیدی ریڈی کے حق میں سی پی آئی قائدین انتخابی مہم چلائیں گے ۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس ایم پیز کے کیشو راؤ ، ناما ناگیشور راؤ اور پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین ونود کمار نے سی پی آئی قائدین سے دو دن قبل ملاقات کرکے تائید کی اپیل کی تھی۔ دوسرے دن کانگریس قائدین نے سی پی آئی قائدین سے ملاقات کی لیکن سی پی آئی قیادت کا جھکاؤ ٹی آر ایس کی طرف تھا ۔ حالانکہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں سی پی آئی نے کانگریس اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر ٹی آر ایس کا مقابلہ کیا تھا ۔ سی پی ایم نے پی شیکھر راؤ کو اپنا امیدوار بنایا ہے جبکہ اس حلقہ سے تلگو دیشم پارٹی بھی میدان میں ہے ۔ اس طرح کانگریس پارٹی اپنے حلیفوں کی تائید حاصل کرنے میں ناکام رہی۔