حضور نگر میں پدماوتی ریڈی کی تیس ہزار ووٹ سے کامیابی یقینی

,

   

ملو روی کا دعویٰ، حکومت کی ناکامیوں کے سبب عوام سبق سکھائیں گے
حیدرآباد۔25۔ ستمبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر ڈاکٹر ملو روی نے دعویٰ کیا کہ حضور نگر ضمنی انتخابات میں کانگریس امیدوار پدماوتی ریڈی 30,000 ووٹ کی اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گی ۔ ٹی آر ایس حکومت نے عوام کو دھوکہ دیا ہے ، لہذا عوام نے کانگریس کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کیا ۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملو روی نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور بیروزگاری بھتے کی ادائیگی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ نوجوان اور طلبہ حکومت سے سخت ناراض ہیں اور وہ ضمنی چناؤ میں سبق سکھائیں گے۔ ملو روی نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے سرکاری ملازمین کو کے سی آر نے کتوں سے تشبیہہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے کسانوں کے علاوہ ملازمین سرکار حکومت کی دھوکہ دہی سے عاجز آچکے ہیں۔ کسانوں کو ایک لاکھ روپئے قرض معافی کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن آج تک اسکیم کو قطعیت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش میں ایک لاکھ روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے جبکہ تلنگانہ حکومت نے کوئی پیشرفت نہیں کی۔ ریاست میں صحت عامہ کی صورتحال انتہائی ابتر ہیں۔ ڈینگو اور دیگر وبائی امراض سے کئی اموات واقع ہوئیں۔ دواخانوں میں ڈینگو کی تفصیلات جاری کرنے سے حکومت خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی معاشی صورتحال کی ابتری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ حکومت نے 36,000 کروڑ کی کمی کرتے ہوئے بجٹ پیش کیا ۔ کئی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری متاثر ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں قرض کے بوجھ کے سبب ہر شہری پر 80,000 روپئے کا قرض ہے۔ ہر پیدا ہونے والے بچہ پر قرض کا بوجھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت ہر شعبہ میں ناکام ہوچکی ہے اور پراجکٹس کے نام پر بے قاعدگیاں کی گئیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کے سی آر کو سبق سکھانے کے لئے حضور نگر میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنائے۔