کونڈا سریکھا اور عبداللہ سہیل کی شرکت
حیدرآباد۔14 اکتوبر (سیاست نیوز) حضورنگر میں کانگریس امیدوار پدماوتی ریڈی کی انتخابی مہم عروج پر ہے۔ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے قائدین حضورنگر میں انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے رائے دہندوں سے کانگریس کی تائید کی اپیل کررہے ہیں۔ صدر اقلیتی ڈپارٹمنٹ پردیش کانگریس کمیٹی عبداللہ سہیل ، سابق رکن اسمبلی کونڈا سریکھا اور دیگر اقلیتی قائدین نے حضور نگر میں پدماوتی ریڈی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔ عبداللہ سہیل نے اقلیتی رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کو کامیابی سے ہمکنار کریں، کیونکہ حضور نگر کی ترقی صرف کانگریس سے ممکن ہے۔ اتم کمار ریڈی نے رکن اسمبلی کی حیثیت سے حضورنگر کی ترقی کیلئے بے مثال اقدامات کئے۔ عبداللہ سہیل نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت نے اقلیتوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ گزشتہ چھ برسوں میں اقلیتوں سے کئے گئے ایک بھی وعدے کی تکمیل نہیں کی گئی۔ انہوں نے یقین ظاہر کی کہ ٹی آر ایس کی جانب سے سرکاری مشنری کے بے جا استعمال کے باوجود حضور نگر کے رائے دہندے ، پدماوتی ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔