حضور نگر کے متاثرہ علاقوں میں اتم کمار ریڈی کا دورہ

   

متاثرین میں امداد کی تقسیم، ٹریکٹر کے ذریعہ اندرونی علاقوں کا معائنہ
حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے آج اپنے حلقہ انتخاب حضور نگر میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے متاثرین سے ملاقات کی۔ اتم کمار ریڈی نے ٹریکٹر کے ذریعہ سفر کیا اور بعض اندرونی علاقوں تک پہنچتے ہوئے متاثرین کو حکومت کی امداد کا بھروسہ دلایا۔ دریائے کرشنا سے قریبی علاقوں میں 31 اگسٹ کو ایک ہی دن میں 300 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجہ میں بھاری نقصانات ہوئے۔ اتم کمار ریڈی نے متاثرین کو تیقن دیا کہ حکومت فصلوں کے نقصانات اور جائیدادوں کی تباہی پر مناسب معاوضہ ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہلوکین کیلئے 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا گیا ہے۔ بھاری بارش کے نتیجہ میں مویشی کی موت پر حکومت 50 ہزار روپئے کی امداد دے گی۔ فصلوں کے نقصانات پر فی ایکر 10 ہزار روپئے امداد دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مکانات کے جزوی نقصان پر 10 ہزار روپئے کی امداد کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی کنالس، ذخائر آب اور دیگر آبی وسائل کی تعمیر و مرمت کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت کو قومی آفات سماوی کے تحت تلنگانہ کو فراخدلانہ امداد دینی چاہیئے۔ اتم کمار ریڈی نے اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں اپوزیشن متاثرین کی مدد کرنے کے بجائے سیاست کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپوزیشن کی گھٹیا سیاست کو قبول نہیں کریں گے۔1