حضور ﷺ وجہ تخلیق کائنات، سیرت مبارکہ پر عمل کی تلقین

   

محبوب نگر میں مرکزی محفل زیارت آثار مبارک، حضرت خواجہ سید غیاث الدین چشتی کا خطاب
محبوب نگر 4 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پیر طریقت حضرت خواجہ سید غیاث الدین چشتی سجادہ نشین و اولاد حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ اجمیر شریف نے مسلمانوں کو نصیحت کی کہ وہ سیرت طیبہ ؐ پر سختی کے ساتھ عمل کریں اور اپنی زندگی کو خوشحال بنائیں ۔ حضرت خواجہ سیدغیاث الدین چشتی جانشین سابق دیوان حضرت سید صولت حسین ؒ نے جو کنوینر اسد العلماء مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی کی دعوت پر کل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ اورنوجوانان اہلسنت الجماعت محبوب نگر کے زیراہتمام ایچ این آر گارڈن فنکشن ہال جان محمد کنٹہ محبوب نگر میں منعقدہ عظیم الشان محفل زیارت آثار شریفہ و تبرکات کثیرہ میں بحیثیت مہمان خصوصی جلوہ افروز تھے اور حاضرین سے خطاب کررہے تھے بتایاکہ اس سال ساری دنیا میں 1500 ویں عید میلادالنبی ؐ منائی جارہی ہے اور جشن کا سلسلہ سال بھر جاری رہے گا ۔ جشن کے ایک حصہ کے طور پر رحمۃ اللعٰلمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و سلم کی سیرت پر محافل آراستہ کی جائیں گی ۔ اُمت محمدی ؐ کو سرکار ؐ کی سیرت کی محافل میں شرکت کرنا چاہئے اور ایمان کی روشنی حاصل کرنی چاہئے ۔ مولانا سید شاہ محمد کلیم اللہ حسینی چشتی کاشف پاشاہ بندہ نوازی سجادہ نشین ایچرانی شریف نے کہا کہ حضور ؐ کی ذات وجہہ تخلیق کائنات ہے ۔ یہاں دیدار کیلئے رکھے جانے والے آثار شریفہ کو آب زم زم سے غسل دیاگیا ہے ۔ آثار شریفہ کا پانی غذاء بھی ہے ، شفا بھی ہے ، دوا بھی ہے اور برکت کا باعث بھی ہے ۔ محبوب نگر کے عوام خوش نصیب ہیں کہ مولانا محسن پاشاہ نے ان کیلئے آنحضرت ؐ کے آثار مبارک و نیز اہلبیت اطہار ، خلفائے راشدین اور اولیائے کرام کے آثار و تبرکات کی زیارت کی محفل کا اہتمام کیا ہے ۔ محفل کاآثار حافظ محمد الیاس نقشبندی امام و خطیب مکہ مسجد کی قرأت کلام پاک سے ہوا ۔ سید فرحان حسینی نے بارگاہ خیر الانام میں نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی مولانا محسن پاشاہ نے محفل کی نگرانی اور سرپرست اعلیٰ کل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ الحاج سید عبدالرزاق شاہ قادری سجادہ نشین قطب محبوب نگر نے سرپرستی کی ۔ جب کہ صدر کل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ صدر قاضی محبوب نگر و سجادہ نشین درگاہ حضرت پیراں شاہ صاحب نے صدارت کی ۔صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی و سجادہ نشین درگاہ حضرت افضل بیابانی مولانا سید شاہ خسرو پاشاہ بیابانی کے علاوہ مولانا سید شاہ غوث محی الدین نقشبندی مجددی قادری سہیل بابا نقشبندی مجددی قادری ، مفتی سید شاہ چندا حسینی زبیر بابا ، مولانا سید شاہ خیر الدین صوفی قادری ، مولانا سید شاہ نور الدین حسینی صادق نقشبندی مجددی قادری نعمت نگر ، مفسر قرآن علامہ محمد محی الدین قادری محمودی ، الحاج شاہ محمد عبدالرحمن قادری چشتی ، الحاج محمد عبدالباری ایڈوکیٹ صدر محبوب نگر ، الحاج محمد عبدالرافع ذکی قادری نائب صدر اسٹیٹ یونٹ ٹی یو ڈبلیو جے یو اور دیگر نے بحیثیت مہمانان خصوصی و مہمانان اعزازی شرکت کی ۔ اس موقع پر مولانا محسن پاشاہ نے فہمیدہ بیگم ، لئیق علی جنید ، شیخ محمد منیرالدین اور ان کے اپنے فرزندان محمد مسکین انصاری میکانیکل انجینئر اسماعیل پاشاہ ، محمد حسان انصاری حسنین پاشاہ اور محمد معین ماذن انصاری چھوٹے پاشاہ کو خلافت سے سرفراز کیا ۔ خواتین کیلئے پردہ کا معقول نظم تھا ۔