وی آئی پی انٹرنیشنل اسکول میں کورونا وائرس پر شعور بیداری اجلاس
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ) : وی آئی پی انٹرنیشنل اسکول کے تمام برانچس میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے سلسلہ میں طلبہ وطالبات کے لیے ایک شعور بیداری اجلاس منعقد کیا جس میں ان کو وبائی امراض خصوصا کرونا وائرس اور اس کے نقصانات سے آگاہ کیا گیا تاکہ طلبہ وطالبات اس کی نوعیت اور سنگینی کو سمجھ کر صفائی و پاکیزگی کا خیال رکھیں ۔ اس موقع پر اسکول میں وبائی امراض سے بچنے کے لیے احتیاطی اقدامات کئے گئے ۔ اسکول کے کینٹین میں جینک فوڈس پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ طلبہ وطالبات کو کلاسیس میں Hand sanitizer کا استعمال کروایا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ طلبہ وطالبات کو دوران تعلیم خصوصا اس مقصد کے لیے وقفہ دیا جارہا ہے تاکہ وہ اس وقفہ میں صابن سے اپنے ہاتھ دھو سکے اور بار بار پانی پینے کا اہتمام کرسکیں ۔ اس کے علاوہ جن بچوں کو کھانسی ، نزلہ ، زکام ، گلے کا درد ، بخار اور اعضاء شکنی کا مرض ہے تو ان کو احتیاطاً گھر واپس بھیج دیا جارہا ہے تاکہ دوسرے بچے متاثر نہ ہوں ۔ اسکول انتظامیہ نے سرپرستوں سے اپیل کی کہ ایسے بچوں کو اسکول نہ بھیجیں بلکہ گھر پر علاج کروائیں ۔ ڈائرکٹر وی آئی پی گروپ آف انسٹی ٹیوشنس جناب مجتبیٰ خان عامر نے کہا کہ صحت اللہ کی نعمت ہے اور اس کی ناقدری کرنا گناہ ہے ۔ اس لیے ہم سب کو چاہئے کہ حفظان صحت کا خیال کرتے ہوئے اپنے اور اطراف و اکناف کے ماحول کو پاک و صاف رکھیں اور درختوں کے نیچے کھڑے ہو کر صبح کے اوقات میں لمبی لمبی سانس لیں تاکہ ہمیں قدرتی آکسیجن ملے اور ہمارا جسمانی نظام بہتر طور پر کام کرے ۔ انہوں نے وی آئی پی انٹرنیشنل اسکول کے تمام برانچس کے انچارجس کو ہدایت دی کہ وہ احتیاطی اقدامات جاری رکھیں ۔۔