حفیظ پیٹ اراضی کے تحفظ کیلئے وقف بورڈ سپریم کورٹ سے رجوع ہوگا

   

سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کرنے صدرنشین محمد سلیم کی ہدایت
حیدرآباد: تلنگانہ وقف بورڈ نے حفیظ پیٹ کی اراضی کے سلسلہ میں ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں تلنگانہ ہائی کورٹ کے فیصلہ کا جائزہ لیا جس میں حفیظ پیٹ کی وقف اراضی کو خانگی اراضی قرار دیا گیا ہے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ اراضی کے تحفظ کے لئے وقف بورڈ ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے پاس اراضی کے سلسلہ میں تمام دستاویزات موجود ہیں جن سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ہائی کورٹ میں وقف بورڈ کی جانب سے تمام دستاویزات پیش کئے گئے ۔ باوجود اس کے فیصلہ خانگی اراضی کے حق میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ کے ڈیویژن بنچ نے حفیظ پیٹ کی متنازعہ 140 ایکر اراضی کو خانگی اراضی قرار دیا ہے۔ اراضی پر ریونیو ڈپارٹمنٹ اور وقف بورڈ کے دعویٰ کو مسترد کردیا گیا ۔ یہ تنازعہ سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا اور سپریم کورٹ میں اندرون تین ماہ یکسوئی کیلئے دوبارہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ کو وقف بورڈ کے علاوہ حکومت بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ وقف بورڈ کا دعویٰ ہے کہ درگاہ حضرت سالار اولیاء کے تحت 140 ایکر اراضی سروے نمبر 80 کے تحت موجود ہے اور یہ 2013 ء میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت وقف ہے۔