حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : میاں پور پولیس نے حفیظ پیٹ قتل کی واردات کو حل کرلیا اور تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔ میاں پور پولیس نے 23 سالہ جی سمت 24 سالہ پریم ساگر نوئی ساکنان نیو حفیظ پیٹ اور 25 سالہ سنیل مدانیکار ساکن پاٹی گڈہ سکندرآباد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ 4 جنوری کے دن ان قاتلوں نے 39 سالہ کیشو با نگر ساکن حفیظ پیٹ متوطن بیڑ مہاراشٹرا کا قتل کردیا تھا ۔ شراب نوشی کے بعد ان کے درمیان رہن رکھے گئے سیل فون کو چھڑانے کے مسئلہ پر جھگڑا ہوا تھا ۔ چاروں پیشہ سے مزدور تھے ۔ کیشوبانگر 15 دن قبل روزگار کی تلاش میں حیدرآباد آیا تھا اور حفیظ پیٹ ریلوے اسٹیشن کے احاطہ میں رہتا تھا ۔ ان کی دوستی لیبر اڈے پر ہوئی تھی تین جنوری کے دن کام نہ ملنے پر شراب نوشی کے لیے مقتول کا سیل فون رہن رکھا گیا تھا ۔ اور اس رقم سے شراب نوشی کی گئی ۔ دوسرے دن کیشو کو چھوڑ کر سمت اور سنیل مئے نوشی کرنے لگے ۔ نشہ کی حالت میں پہونچنے والے کیشو نے ان سے بحث و تکرار کی اور کہا کہ میرا سیل فون چھڑانے کے بجائے شراب نوشی کررہے ہو اس بات پر جھگڑا ہوا اور ہاتھا پائی شروع ہوگئی اور سمت نے فون کرتے ہوئے پریم ساگر کو طلب کیا اور تینوں نے مل کر کیشو بانگر کا قتل کردیا ۔ میاں پور پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔۔ ع