حقداروں کو بنیادی حقوق ملنا ہی اصلی دیوالی :یوگی

   

گورکھپور: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اتوار کو تقریبا ڈیڑھ دہائی پہلے خود کے ذریعہ شروع کی گئی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے قبائلیوں کے درمیان دیوالی منائی۔کسمہی جنگل کے تکونیا نمبر تین میں ونٹنگیا سماج کے لوگوں کے دمیان دیوالی کی خوشیاں بانٹتے ہوئے انہوں نے ونٹنگیوں کے حق کے لئے کئے گئے جدوجہد کو بھی یاد کیا۔انہوں نے کہا کہ مثبت جذبے سے کی گئی کوئی بھی جدوجہدکبھی ضائع نہیں جاتی ہے ۔ ونٹنگیا سماج کے لئے اسی جذبے سے جدوجہد کی گئی تھی اور آج یہ مثبت شکل میں دکھائی دے رہا ہے ۔محرومین کو حکومت کی سبھی سہولیات و شہری حقوق ملنا ہی صحیح معنوں میں دیوالی اور رام راج جیسا ہے ۔اتوار کی صبح اجودھیا سے گورکھپور کے ونٹینگیا گاؤں تکونیا نمبر 3 میں دیوالی منانے پہنچے وزیر اعلی یوگی نے ضلع کی مختلف گرام پنچایتوں کو 153 کروڑ کے ترقیاتی پروجکٹوں کا دیوالی گفٹ دیا۔ انہوں نے کل 52ترقیاتی پروجکٹوں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ ونٹنگیا گاؤں میں غریبوں کے پکے مکانات، پینے کے پانی کی سہولیات، بجلی، اچھے اسکول اور آنگن واڑی مراکز دیکھ کر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل اجودھیا کا عظیم الشان دیپ اتسو سب نے دیکھا ہوگا۔ جس طرح اجودھیا کو سجایا جا رہا ہے ، اسی طرح اتر پردیش، گورکھپور اور ونٹنگیا گاؤں بھی سج سنور رہے ہیں۔