دو روزہ ورکشاپ ، سپریم کورٹ کے جسٹس وکرم ناتھ ، کارگزار چیف جسٹس تلنگانہ سجے پال اور دیگر ججس کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسز اتھاریٹی، ڈپارٹمنٹ آف ویمن ڈیولپمنٹ اینڈ چائلڈ ویلفیر اور یونیسیف کے اشتراک سے ویمنس سیفٹی ونگ تلنگانہ پولیس نے دو روزہ ورکشاپ منعقد کیا جس کا عنوان بے آوازوں کیلئے آواز اور بچوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں جنسی ہراسانی سے بچانا ہے۔ سپریم کورٹ کے جسٹس وکرم ناتھ جو سپریم کورٹ لیگل سرویسز کمیٹی کے صدرنشین ہیں، اختتامی پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ جسٹس وکرم ناتھ نے کلیدی خطبہ دیتے ہوئے بچوں کو جنسی ہراسانی سے بچانے کیلئے پوسکو قانون کی ستائش کی اور کہا کہ اس قانون کے ذریعہ متاثرہ بچوں کی بازآبادکاری کے اقدامات کئے جائیں۔ کارگزار چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس سجے پال جو تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسز اتھاریٹی کے سرپرست اعلیٰ ہیں، اپنے خطاب میں اسکولی طلبہ کو ٹیچرس کی جانب سے جنسی ہراسانی کے مختلف واقعات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے ساتھ ٹیچرس کا کلاس روم میں رویہ ماں کی طرح ہونا چاہئے۔ طلبہ کے مستقبل کو بہتر بنانے پر ٹیچرس کو توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس پی سیام کوشی نے جو تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسز اتھاریٹی کے اگزیکیٹیو چیرمین ہیں، اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کو مختلف انداز کی ہراسانی سے محفوظ رکھنے کیلئے قانون پر سختی سے عمل آوری کی ضرورت ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل اے سدرشن ریڈی نے کہا کہ اسکولی طلبہ کو ان کے حقوق سے واقف کرانے کیلئے ڈرامہ ، ویڈیو ، شارٹ فلمس کا سہارا لینا چاہئے تاکہ بچے اپنے حقوق کے بارے میں باشعور رہیں۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے واقف کرایا۔ یونیسیف انڈیا کے چائلڈ پروٹیکشن اسپیشلسٹ سونی کٹی جارج نے طلبہ کو باشعور بنانے کیلئے یونیسیف کے اقدامات سے واقف کرایا۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس جے سرینواس راؤ نے پوسکو قانون اور دیگر متعلقہ قوانین کی تفصیلات سے واقف کرایا اور موثر عمل آوری کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پوسکو قانون کے تحت جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ پولیس اور تحقیقاتی عہدیداروں کو بچوں اور خاص طور پر لڑکیوں کو باشعور بنانے میں اہم رول ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں سپریم کورٹ کے مختلف فیصلوں کا حوالہ دیا۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کی جسٹس شریمتی تروملا دیوی نے تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسز اتھاریٹی کی جانب سے متاثرین کو معاوضہ کی بروقت ادائیگی کے اقدامات کو سراہا۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناگر کرنول ڈی رماکانت نے پولیس اور خصوصی عدالتوں کے رول پر روشنی ڈالی۔ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر یونیسیف ایم مرلی کرشنا نے کہا کہ والدین اور سرپرستوں کے علاوہ ٹیچرس کو اس معاملہ میں چوکسی کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس کے لکشمن کے علاوہ شریمتی ڈاکٹر آر سدھا پروفیسر آف فارنسک میڈیسن عثمانیہ میڈیکل کالج ، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس جج وقار آباد ڈاکٹر ایس سرینواس ریڈی ، سپرنٹنڈنٹ پولیس ویمنس سیفٹی ونگ حیدرآباد ڈاکٹر ایم چیتنا ، تلنگانہ ہائی کورٹ کی جسٹس شریمتی ایس نندا ، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ریٹائرڈ آررگھوناتھ ریڈی اور ایڈیشنل پراسیکیوٹر ایل ایچ راجیشور راؤ نے بھی مخاطب کیا۔ ممبر سکریٹری سی ایچ پنچاکشری اور ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ایم راجو نے مختلف سیشنس کے انعقاد میں اہم رول ادا کیا۔1