نئی دہلی 27 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے آج کہا کہ مسلح افواج میں حقوق انسانی قوانین کا بہت احترام کیا جاتا ہے اور نہ صرف ملک کے عوام کے انسانی حقوق بلکہ مخالفین کے انسانی حقوق کا بھی تحفظ کیا جاتا ہے ۔ جنرل راوت حقوق انسانی کمیشن کے انٹرنس اور سینئر عہدیداروں سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی فوج بہت ڈیسپلن والی ہے اور فوج میں حقوق انسانی قوانین اور بین الاقوامی حقوق انسانی قوانین کا بہت احترام کیا جاتا ہے ۔
بی جے پی مسلمانوں کے اندیشوں کو دور کرنے کوشش کرے گی
نئی دہلی 27 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے ایک کمیٹی اپنے اقلیتی قائدین کی تشکیل دی ہے تاکہ وہ مسلمانوں تک رسائی حاصل کرسکیں۔ اس کے علاوہ پارٹی کی جانب سے جنوری میں ایک قومی سطح کی کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی تاکہ شہریت مسائل پر اپوزیشن کی مہم کا جواب دیا جاسکے ۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر بی جے پی لیڈر و مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے اس سلسلہ میں حکمت عملی تیار کرنے آج ایک اجلاس منعقد کیا تھا ۔ اجلاس میں قومی اقلیتی کمیشن کے صدر نشین غیور الحسن رضوی ‘ اقلیتی مورچہ کے صدر عبدالرشید انصاری اور کچھ دوسرے مسلم قائدین نے شرکت کی ۔