حقوق اور حصول انصاف کیلئے ہر فرد کو قانونی آگہی ضروری

   

سنگاریڈی میں قانونی بیداری پروگرام سے سیکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سرویس اتھاریٹی پی سوجنیا کا خطاب
سنگاریڈی 19 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع جج اور ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی (DLSA) کی چیئرپرسن کی ہدایت پر آج تلنگانہ اسٹیٹ گورنمنٹ ریٹائرڈ ایمپلائز اسوسی ایشن سنگاریڈی کے احاطے میں ایک قانونی بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا اہتمام ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کی سیکریٹری بی سوجنیا نے کیا بی سوجنیا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “ہر انسان کے لیے قانون کی معلومات حاصل کرنا ضروری ہے۔ اس مقصد کے تحت قانونی بیداری پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو انصاف کے حصول میں آسانی ہو اور وہ اپنے حقوق سے آگاہ رہیں انہوں نے مزید کہا کہ “ہر بزرگ شہری اپنے حقوق سے واقف ہو کر قانونی تحفظ حاصل کر سکتا ہے۔ ضرورت کے وقت ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی مفت قانونی امداد فراہم کرتی ہے تاکہ ہر شخص کو انصاف مل سکے۔” شرکاء کو نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی (NALSA) اور تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی (TSLSA) کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف قانونی خدمات کے بارے میں تفصیلی معلومات دی گئیں۔ ان خدمات میں مفت قانونی امداد، ثالثی، لوک عدالتوں کے ذریعے تنازعات کا حل، پنشن و سروس بینیفٹس، خواتین و بزرگوں کے حقوق، جائیداد کے تنازعات اور صارفین کے تحفظ کے قوانین شامل ہیں۔اس موقع پر NALSA سینئر سٹیزنز اسکیم 2016 پر خصوصی توجہ دی گئی۔ بتایا گیا کہ اگر والدین یا بزرگ شہریوں کو اپنے بچوں یا ورثاء کی جانب سے نظرانداز، مالی مشکلات یا ایذا رسانی کا سامنا ہو تو وہ Maintenance and Welfare of Parents and Senior Citizens Act, 2007 کے تحت قانونی تحفظ حاصل کر سکتے ہیں۔ سوجنیا نے واضح کیا کہ ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی بزرگ شہریوں کے وراثتی، جائیدادی، صحت، پنشن اور دیگر قانونی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ دستیاب ہے۔ DLSA کے صد اراکین اور عملے کے علاوہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔