سی پی آئی یوم تاسیس تقریب، پارٹی پرچم کشائی، سید عزیز پاشاہ، سی وینکٹ ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔28ڈسمبر(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاکی 95ویں یوم تاسیس تقریب کے موقع پر تلنگانہ سی پی آئی کی جانب سے ایک عظیم الشان ریالی نکالی گئی جس کی قیادت سی پی آئی تلنگانہ کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے کی ۔ ریالی کے آغاز سے قبل اے آئی ٹی یو سی دفتر ‘ حمایت نگر قومی صدر تنظیم انصاف سید عزیز پاشاہ کے ہاتھوں پارٹی پرچم کشائی عمل میں آئی۔ ریالی کا اختتام پارٹی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون پر ہوا جہاں چاڈا وینکٹ ریڈی نے پارٹی پرچم لہرایا۔ تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے سی پی آئی کے سابق قومی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے کہاکہ ملک میں افراتفری کا ماحول پیدا کیاجارہا ہے تاکہ حقیقی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹائی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ کمیونسٹوں نے تلنگانہ، منی پور میں مسلح جدوجہد اور ایسی بے شمار تحریکوں کے ذریعہ ہندوستان کی جنگ آزادی اور سامراجیت کے خلاف جدوجہد میںاپنا سرگرم رول پیش کیاہے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی جنگ آزادی میں ہر سماج‘ طبقے ‘ مذہب کے لوگوں کی حصہ داری ہے مگر آر ایس ایس اور مرکز میںبرسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی مذہب کی بنیاد پر ہندوستان کو بانٹنے کاکام کررہی ہے۔پچھلے سال کے دور حکومت میں مرکزی حکومت نے جو کام انجام دئے ہیںوہ اس بات کا اشارہ کررہے ہیں کہ آر ایس ایس کا ایجنڈہ ملک پر نافذ کرنے کوشاں ہے ۔ مذہب کے نام پر شہریت کی فراہمی اس کی مثال ہے۔ انہوں نے کہاکہ اچھے دن کے نام پر کارپوریٹ شعبہ کو مرعات بی جے پی حکومت کا شیوہ ہے۔ مودی کی حکومت اقتدار میںآنے کے بعد سے عالمی دولت مندوں کی فہرست میں مکیش امبانی کا نام شامل ہوگیا۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ تمام شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی پارٹی کی محاذی تنظیمیں فرقہ پرستی کے خلاف جدوجہد کررہی ہیں۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے مودی حکومت پر ملک کو فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم کرنے کا الزام عائد کیا او رکہاکہ شہریت ترمیمی ایکٹ ( سی اے اے) ہویاپھر قومی رجسٹربرائے شہریت( این آرسی)پر توجہہ مرکوز کرنے کے بجائے مودی حکومت کو چاہئے کہ وہ ملک میںبڑھتی بے روزگاری‘گرتی جی ڈی پی ‘ اور بڑھتی مہنگائی کو دور کرنے کے لئے جنگی خطوط پر اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہاکہ سی اے اے ‘ این آرسی اور این پی آر بی جے پی کا خفیہ ایجنڈہ ہے جس کو نافذ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔جنرل سکریٹری ای ٹی نرسمہا‘ وی ایس بوس اے آئی ٹی یو سی جنرل سکریٹری‘ ڈاکٹر سدھاکر ‘ ایس اے منان اور دیگر کمیونسٹ کارکنان مارچ میںشامل تھے۔