ظہیرآباد میں ایچ ڈبلیو ایف کی جانب سے مستحق افراد میں گوشت کی تقسیم
ظہیرآباد ۔ جماعت اسلامی ہند ظہیرآباد کے امیر مقامی محمد ناظم الدین غوری نے اپنے ایک پریس نوٹ میں بتایا کہ ہیومین فاؤنڈیشن HWF کے ذریعہ شہر ظہیرآباد کے مختلف محلہ جات و دیہاتوں میں غریب اور مستحق افراد خاندان میں قربانی کے گوشت کی تقسیم عمل میں آئی ۔ اس موقع پر اسلامک سنٹر میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقامی نے کہا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی ہیومین ویلفیر فاؤنڈیشن کی جانب سے 25 بڑے جانوروں و دیگر اخراجات کی تقریباً 5 لاکھ کی مالیت فراہم کی گئی جس سے 1100 غرباء و مستحقین کو فائدہ پہونچایا گیا ہے ۔ قربانی عیدالاضحی کا سب سے پسندیدہ عمل ہے اور حضرت ابراہیم کی زندگی کے سبق آموز واقعہ سے قربانی کا سبق ملتا ہے کہ جانور کی جسمانی قربانی دیکر ہمہ وقت خود اپنی قربانی کیلئے تیار رہیں اور روحانی قربانی کے عادی بن جائیں کیونکہ اصل میں روحانی قربانی ہی بڑی قربانی ہے ۔ جسمانی قربانی کی تکلیف تو ایک لمحہ کی بات ہے مگر روحانی قربانی تو ساری زندگی کی قربانی ہے جس میں مرکر نہیں بلکہ جی کر حق کی راہ میں ہر تکلیف اور مصیبت برداشت کرنا اور ہر وقت برائی کے خلاف ڈٹے رہنا ، عیدالاضحی محبت و اخوت اور ہمدردی کا پیغام دیتی ہے ۔ اس لئے آپسی بھائی چارگی کو قائم رکھتے ہوئے امن و سکون کا ماحول بنائے رکھنا چاہئے ۔ اس خوشی کے موقع پر کورونا کے سبب سے دلوں کی دوری نہ بنائیں بلکہ ماسک ، سانیٹائزر ، روک تھام کے تمام ذرائع کا استعمال کیا جانا چاہئے ۔ صاف صفائی کا خیال بھی رکھیں ۔ اس تقسیم کے عمل میں مقامی خدمت خلق کے سکریٹری محمد مصطفی ، قیصر غوری ، خرم ، محمد معین الدین ، معاون امیر مقامی ، محمد ایوب احمد ایم پی جے ، محمد نصیرالدین رابطہ عامہ ، محمد رفیع الدین ، عبدالحمید ، زبیر احمد ،عبدالرروف ، ارکان کارکنان کے علاوہ ایس آئی او ، آئی وائی ایم کے نوجوانوں نے حصہ لیا اور ذمہ داران جماعت نے اس کار خیر میں مدد کرنے والوں سے اظہار تشکر کیا ۔