حلال اشیاء کی مانگ میں دنیا بھر میں اضافہ

   

حلال اشیاء صحت بخش،حیدرآباد میں’ حلال ایکسپو ‘ ۔ رحمان خاں اور دیگر معززین کی شرکت

حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز ) حلال اشیاء کے بارے میں دنیا بھر میں عوامی مانگ میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ حلال اشیاء نہ صرف شرعی اعتبار سے قابل استعمال ہے بلکہ یہ صحت کیلئے بھی معاون ہیں اور اس کے استعمال سے مختلف امراض سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ دنیا بھر میں نہ صرف مسلمان بلکہ غیر مسلموں میں بھی حلال اشیاء کے استعمال کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ اسی پس منظر میں حیدرآباد میں آل انڈیا انٹر نیشنل حلال ایکسپو اور انٹر نیشنل حلال کانفرنس کا آغاز ہوا۔ ہائی ٹیکس مادھا پور میں یہ نمائش نہ صرف ہندوستان بلکہ بیرون ملک کے مندوبین کیلئے بھی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔ ہندوستان کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں کے علاوہ ایران، ترکی، امریکہ، برطانیہ، ملیشیاء، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے سفارتی نمائندوں نے شرکت کی۔ سابق رکن پارلیمنٹ رحمان خاں نے اس موقع پر کہا کہ عام طور پر حلال کا نظریہ صرف جانوروں کے ذبیحہ تک محدود ہوچکا ہے حالانکہ یہ ذبیحہ کے علاوہ دیگر اشیاء کا احاطہ کرتا ہے۔ حلال اشیاء کے بارے میں شعور بیداری اور اس محدود نظریہ کو مزید وسعت دینے کیلئے حلال ایکسپو کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں جن چیزوں کو حلال قرار دیا گیا ہے اس کے استعمال کی اجازت ہے۔ ملیشیا اور دیگر ممالک نے حلال کے نظریہ کو وسعت دینے کی کوشش کی ہے تاکہ عوام کو حلال کے فوائد سے واقف کرایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں حلال پراڈکٹس کے بارے میں دنیا بھر میں شعور بیدار ہوا ہے کیونکہ یہ پراڈکٹس نہ صرف انسانیت کیلئے بہتر ہے بلکہ غیر مضرت رساں ہیں۔ رحمان خاں نے کہا کہ حلال پراڈکٹس کی مارکٹ 3 ٹریلین ڈالر تک ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلال اشیاء کا استعمال صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں دیگر اقوام بھی کررہی ہیں۔ جاپان جہاں مسلمانوں کی آبادی نہیں کے برابر ہے وہ حلال پراڈکٹس کا دنیا میں سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے۔ انہوں نے حلال اشیاء کے بارے میں شعور بیداری کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اگر یہ کام نہیں کیا گیا تو ہم پیچھے رہ جائیں گے۔ دنیا میں بہت ساری اشیاء ایسی ہیں جو مسلمان استعمال کرتے ہیں لیکن سوائے کھانے کی اشیاء کے دیگر اشیاء میں حلال کا خیال نہیں رکھا جاتا۔ ’حلال ایکسپو‘ گزشتہ کئی برسوں سے ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کیا جارہا ہے۔ ایکسپو کے انعقاد کا مقصد حلال پراڈکٹس، حلال تجارت اور دیگر سرگرمیوں کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔ ترکی، ملیشیا اور دیگر ممالک کے تاجرین ایکسپو میں شریک ہیں۔ ریاستی وزیر سرینواس یادو نے ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے تاجرین کی ستائش کی اور کہا کہ عوام کو صحت بخش اشیاء کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ایکسپو میں حلال پراڈکٹس کو نمایاں کیا گیا ہے۔ تعلیم، تجارت، کاسمیٹکس، لباس اور دیگر اشیاء کے اسٹالس موجود ہیں۔ ’حلال ایکسپو‘ پیر کی شام تک جاری رہے گا۔