حلال سیاحت کے 300 ارب ڈالرس مالیتی ہوجانے کا امکان

   

Ferty9 Clinic

جاپان اور تھائی لینڈ جیسے غیرمسلم ملکوں میں حلال سیاحت کا غیرمعمولی فروغ

نئی دہلی ۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں حلال سیاحت کا نظریہ بڑی تیزی کے ساتھ فروغ پا رہا ہے۔ تعطیلات گذارنے کے خواہاں مسلم خاندان ان علاقوں کے سیاحتی دورے کررہے ہیں جہاں حلال سیاحت پر عمل کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر حلال غذا کی فراہمی وغیرہ نتیجہ میں ایسے ممالک جہاں مسلمانوں کی آبادی بہت کم ہے لیکن سیاحت کو فروغ دینے اور مسلم سیاحوں کو راغب کرنے کی خاطر حلال فوڈ کے نظریہ پر عمل کررہے ہیں نتیجہ میں مشرق وسطیٰ اور دیگر مسلم ممالک کے سیاح ان ملکوں کا رخ کررہے ہیں۔ یہ بھی کہا جارہا ہیکہ عالمی سطح پر حلال سیاحت 2026ء تک 300 ارب ڈالرس مالیتی ہوجائے گی۔ اگر آپ جاپان کے ٹوکیو میں بھی دیکھیں گے تو آپ کو مسلم سیاح وہاں کے سیاحتی مقامات خاص کر سنسوجی ٹمپل کے قریب سیلفی لیتے ہوئے دکھائی دیں گے۔ جکارتہ سے تعلق رکھنے والی ایک بزنس ڈائرکٹر اور بلاگر سرینولو 2015ء میں ہنی مون منانے کیلئے جاپان گئیں۔ سرینولو اور ان کے شوہر جاپان سے کافی متاثر ہوئے اور ایک طرح سے انہیں جاپان سے پیار ہوگیا لیکن ایک راسخ العقیدہ مسلمان ہونے کے باعث حلال غذاؤں کی کمی انہیں محسوس ہوئی اور وہ اپنے ہنی مون کے دوران محدود غذاؤں پر اکتفاء کرتے رہے۔ پچھلے سال جب یہ جوڑا جاپان واپس ہوا تب انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ بعض ریسٹورنٹس نے حلال غذائی اشیاء کی پیشکش شروع کردی ہیں۔ جاپانی یہ جانتے ہیں کہ مسلمان حرام غذائی اشیاء شراب وغیرہ سے سختی کے ساتھ اجتناب کرتے ہیں اس لئے ان سیاحوں کی ضروریات کو ملحوظ رکھتے ہوئے جاپان میں حلال فوڈ کے ساتھ ساتھ ہوٹلوں میں نماز گاہوں کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔ انہیں اندازہ ہیکہ مسلم سیاح پنج وقتہ نماز کے پابند ہوتے ہیں۔ جاپان میں سیاریا ہوٹل فیوجیسان جیسی کئی حلال ہوٹلیں یا رسٹورنٹس قائم ہوچکی ہیں۔ جہاں مسلم سیاحوں کو قرآن مجید کے نسخے، جائے نمازیں اور تسبیح بطور تحفہ پیش کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ نماز گاہوں اور وضوخانے بھی تعمیر کروائے گئے ہیں۔ تھامسن رائٹرس اور دینار اسٹانڈرڈ کے ڈاٹا کا حوالہ دیا گیا ہے یہ ایک امریکی ریسرچ اور اڈوائزری گروپ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہیکہ سیاحت پر ہونے والے عالمی اخراجات میں حلال سیاحت کا حصہ 11.6 فیصد ہے۔ گلوبل مسلم ٹراویل انڈکس میں ملائشیاء کو حلال سیاحت کا نمبرون اور تھائی لینڈ کو دوسرا مقام قرار دیا گیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ 2018ء میں عالمی سطح پر سفر کرنے والے مسلمانوںکی تعداد 140 ملین رہی جو 2026ء تک بڑھ کر 230 ملین تک جا پہنچے گی۔