حلب میں عمارت منہدم ، 11 افراد ہلاک

   

دمشق ۔ 2 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) شام کی سرکاری نیوز ایجنسی ’سانا‘کا کہنا ہے کہ شمالی شہر حلب میں جنگ کے دوران جس عمارت کو نقصان پہنچا تھا وہ منہدم ہوگئی اور 11 افراد اس کی زد میں آگئے ۔ ایجنسی نے کہا کہ پانچ منزلہ عمارت ہفتہ کی صبح منہدم ہوئی اور وہ لوگ ہلاک ہوئے جو عمارت کے اندر تھے اور صرف ایک شخص کو زندہ بچایا جاسکا ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ عمارت مشرقی صلاح الدین علاقہ میں واقع تھی جہاں کبھی باغیوں کا قبضہ رہا ۔ حلب کو 2012 ء کے موسم گرما میں حکومت کے زیرکنٹرول مغربی خطہ اور باغیوں کے زیرقبضہ مشرقی حصہ کے درمیان چار سال کے لئے تقسیم کیا گیا تھا ۔ 2016 ء میں شامی آرمی نے کئی ماہ طویل جارحانہ مہم شروع کی جس کے نتیجہ میں آخرکار سارا شہر حکومت کے کنٹرول میں آگیا ۔ شام کی لگ بھگ آٹھ سال سے جاری لڑائی میں زائد از چار لاکھ افراد مارے جاچکے ہیں اور ملک کے وسیع تر حصہ تباہ حال ہیں۔