دمشق، 05 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شام میں عسکریت پسندوں نے شمالی حلب کے قصبے ٹال رفعت میں ایک اسپورٹس کلب پر حملہ کیا ، جس میں آٹھ بچوں سمیت 10 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے ۔شام میں روسی مرکز کے سربراہ ، میجر جنرل یوری بورینکوف نے یہ اطلاع دی۔مسٹر بورینکوف نے کہا ،‘‘حلب کے صوبے کے ٹال رفعت نامی قصبے میں دہشت گردوں نے ایک اسپورٹس کلب پر حملہ کیا۔’’ عسکریت پسندوں نے 120 ملی میٹرکے مارٹر داغے ۔ اس حملے میں آٹھ بچوں سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ 13 دیگر زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں سات بچے شامل ہیں ، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے ۔مسٹر بورینکوف کے مطابق ، ادلب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ، دہشت گردوں نے 40 افراد پر حملہ کیا ، جس میں عام لوگوں کو نشانہ بنایا گیا۔اس سے قبل شام کے شمالی علاقے میں تازہ حملوں میں آٹھ بچوں کی موت ہوچکی ہے ۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران شام میں ہونے والے تشدد میں کم از کم 34 بچے ہلاک ہوگئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسف) کے ریجنل ڈائریکٹر ٹیڈ چییابن نے پیر کے روز کہا ، ‘‘ہمیں ان خبروں سے حیرت اور افسوس ہوا ہے کہ شمالی حلب کے قصبے ٹال رفعت میں تازہ حملوں میں آٹھ بچے ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے تمام بچوں کی عمریں 15 سال سے کم تھیں۔’’یونیسف کے ریجنل ڈائریکٹر نے شام میں سرگرم تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں ، ساتھ ہی ساتھ بچوں کو نشانہ بنانے والی تنظیموں کو سنگین نتائج بھگتنے کی وارننگ بھی دیں۔