دوپہر تک تجارتی امور انجام دینے کا فیصلہ، منگل کو مکمل ایک دن گھر میں رہنے کو ترجیح
عادل آباد : ضلع عادل آباد میں دن بہ دن بڑھتی ہوئی مہلک بیماری کوویڈ۔19 سے خوفزدہ ہوکر اسمبلی حلقہ بوتھ کے افراد نے متفقہ طور پر لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا، جس کی بنا پر بوتھ میں تجارتی اغراض و مقاصد صبح سے دوپہر 2 بجے تک جاری رکھنے کے علاوہ منگل کو ایک یوم مکمل طور پر حسب معمول مصروفیت کو ترک کرتے ہوئے اپنے اپنے گھروں میں رہنے کو جہاں ایک طرف ترجیح دی گئی وہیں دوسری طرف ضلع عادل آباد میں گذشتہ تین دن کے دوران 999 کوویڈ۔19 سے متاثرہ افراد کی نشاندہی کرلی گئی جس کے پیش نظر ضلع انتظامیہ حکومت میں آتے ہوئے تجارت پیشہ افراد کا ایک اجلاس منعقد کیا، جس میں انہیں کوویڈ۔19 کے قانون پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ بغیر ماسک کے خریدوفروخت پر پابندی، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے، ہاتھوں کی صفائی کا نظام اپنے اپنے تجارتی مراکز پر رکھنے پر زور دیا گیا۔ علاوہ ازیں شاپنگ مالس، سنیما ہال، شراب خانوں پر بھی پابندی عائد کی گئی۔ اس ضمن میں عوام میں ماسک لگانے کا شعور بیدار کرنے کی غرض سے ایڈیشنل ضلع کلکٹر مسٹر ایم ڈیوڈ، کمشنر بلدیہ شریمتی شیلجہ نے مستقر عادل آباد کے مختلف مقامات پہنچ کر عوام کو ماسک استعمال کرنے کی خواہش کی۔ اسی دوران مستقر عادل آباد کے نیتاجی چوک پر جہاں مزدور پیشہ افراد کی کثرت ہمیشہ پائی جاتی ہے ان مزدوروں نے ایڈیشنل ضلع کلکٹر مسٹر ایم ڈیوڈ، کمشنر بلدیہ شریمتی شیلجہ سے گفت و شنید کرتے ہوئے اس مہلک بیماری کے تدارک کی خاطر پڑوسی ریاست مہاراشٹرا سے عادل آباد پہنچنے والے افراد پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔