حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات ، آئندہ دو تا تین ماہ اعلامیہ کی اجرائی موہوم

   

الیکشن کمیشن آف انڈیا سے کوئی جواب نہیں ، چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ کا بیان
حیدرآباد۔18۔جون(سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات کے لئے آئندہ 2تا3 ماہ کے دوران انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے امکان موہوم ہیں کیونکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جن ریاستوں میں ضمنی انتخابات کے لئے اعلامیہ جاری کیا ہے ان میں حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کی مخلوعہ نشست کے لئے انتخابات شامل نہیں ہیں۔چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ مسٹر سی سدرشن ریڈی نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے رکن اسمبلی مسٹر ماگنٹی گوپی ناتھ کے دیہانت اور نشست کے مخلوعہ ہوتے ہی ریاستی الیکشن کمیشن نے گزٹ اعلامیہ اور دیگر تفصیلات الیکشن کمیشن آف انڈیا کو روانہ کردی تھیں لیکن شائد دیگر ریاستوں کی مخلوعہ نشستوں پر ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے فیصلہ کیا جاچکا تھا جس کے نتیجہ میں تلنگانہ کو اس میں شامل نہیں کیاگیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے رائے دہی کے عمل کو بہتر بنانے اوررائے دہندوں کو سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ مراکز رائے دہی کی تعداد میں اضافہ کرنے جیسے 21نئے منصوبوں پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسٹر سی سدرشن ریڈی نے بتایا کہ ریاست میں بھی ان اقدامات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی اور ان پر عمل آوری کو یقینی بناتے ہوئے تلنگانہ کے بیشتر تمام حلقہ جات اسمبلی میں مراکز رائے دہی کی تعداد میں اضافہ کرنے کے علاوہ رائے دہندوں کو قریب ترین مراکز رائے دہی کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف الکٹورل آفیسر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ جوبلی ہلز کی مخلوعہ نشست پر ضمنی انتخابات کروانا الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ذمہ داری ہے اور وہ اس سلسلہ میں اعلامیہ جاری کرنے کا مجاز ہے اسی لئے وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے انتخابات کے لئے اعلامیہ کی اجرائی کب عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے کسی بھی وقت یہ اعلامیہ جاری کرسکتا ہے لیکن وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ آئندہ 2ماہ کے دوران اعلامیہ کی اجرائی کے امکانات موہوم ہیں کیونکہ الیکشن کمیشن آف انڈیانے رائے دہی کو بہتر بنانے کے لئے جن 21 اقدامات کا فیصلہ کیا ہے ان پر عمل آوری کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔3