23تا 30ستمبر ادخال پرچہ نامزدگی، 3اکٹوبر کو تنقیح اور 21اکٹوبر کو رائے دہی
حیدرآباد ۔23ستمبر ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں واقع ضلع نلگنڈہ کے حلقہ اسمبلی حضورنگر میں ضمنی انتخابات سے متعلق آج انتخابی اعلامیہ ( نوٹیفیکیشن ) جاری کیا گیا اور جاری کردہ اعلامیہ کی روشنی میں حلقہ اسمبلی حضور نگر کیلئے منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار آج یعنی 23 تا 30ستمبر تک اپنے پرچہ جات نامزدگیاں داخل کرسکتے ہیں اور یکم اکٹوبر کو پرچہ جات نامزدگیوں کی جانچ ( تنقیح) کی جائے گی اور 3اکٹوبر کو پرچہ جات نامزدگیوں سے دستبرداری اختیار کرنے کی آخری تاریخ ہوگی ۔ جبکہ 21اکٹوبر کو حلقہ اسمبلی حضور نگر میں رائے دہی کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا اور 24 اکٹوبر کو ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ بتایا گیا ہیکہ حضور نگر اسمبلی حلقہ کیلئے منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار تحصیلدار حضور نگر سے ربط پیدا کرسکتے ہیں کیونکہ پرچہ جات نامزدگیوں وغیرہ مکمل کارروائی کے سلسلہ میں تحصیلدار حضور نگر آفس کو ریٹرننگ آفیسر کا اجلاس بنایا گیا ہے ۔ اسی دوران بتایا جاتا ہیکہ گذشتہ سال منعقدہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر حلقہ اسمبلی حضور نگر سے مسٹر اتم کمار ریڈی نے بحیثیت کانگریس امیدوار شاندار کامیابی حاصل کی تھی لیکن بعد ازاں مسٹر اتم کمار ریڈی نے حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ سے انتخاب میںحصہ لے کر بحیثیت رکن پارلیمان شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد حلقہ حضور نگر کی رکنیت ( بحیثیت رکن اسمبلی ) سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کی وجہ سے ہی حلقہ اسمبلی حضور نگر کیلئے اب ضمنی انتخاب منعقد ہورہا ہے ۔ مسٹر اُتم کمار ریڈی بحیثیت رکن پارلیمان بھی اس حلقہ اسمبلی حضور کی نمائندگی کرنے کے باعث اب کانگریس پارٹی اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی دونوں ہی پارٹیوں کیلئے یہ ضمنی انتخاب اورحلقہ اسمبلی حضور نگر سے کامیابی اپنی وقار کا مسئلہ بن گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ سے ٹی آر ایس کی ناکامی کے باعث اب تلنگانہ راشٹرا سمیتی کم از کم حلقہ اسمبلی حضور نگر کے ضمنی انتخاب میں اپنے پارٹی امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے اپنا وقار کا مسئلہ تصور کرتے ہوئے کامیابی کے حصول کیلئے اپنی ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے سلسلہ میں حکمت عملی مرتب کررہی ہے اور اپنے امیدوار کا بھی تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اعلان کردیا ہے ۔مسٹر ایس سدی ریڈی ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس امیدوار ہوں گے جبکہ کانگریس پارٹی بھی اس حلقہ اسمبلی حضور نگر سے کامیابی کو اپنے وقار کا مسئلہ بنالیا ہے کیونکہ اتم کمار ریڈی ہی اسمبلی انتخابات میں منتخب ہوکر لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی وجہ سے اس حلقہ سے مستعفی ہونا پڑا تھا ۔ بتایا جاتا ہیکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے امیدوار مسٹر سدی ریڈی کے مقابلہ میں حلقہ اسمبلی حضور نگر سے شریمتی پدماوتی( اہلیہ اتم کمار ریڈی) کو ہی کانگریس پارٹی اپنا امیدوار بنانا چاہتی ہے ۔ علاوہ ازیں بی جے پی بھی اس حلقہ اسمبلی سے اپنے ایک طاقتور امیدوار کو انتخاب میں مقابلہ کروانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کی اطلاعات پائی جارہی ہے۔