بعد نماز جمعہ پی وجیہ ریڈی کی مصلیوں سے ملاقات، بی آر ایس سے شرانگیزی کی کوشش ناکام
حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں مسلم غالب آبادی والے علاقہ مقطعہ مدار صاحب میں آج بعد نماز جمعہ کانگریس امیدوارہ محترمہ پی وجیہ ریڈی نے مساجد کے قریب مصلیان کرام سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ محترمہ پی وجیہ ریڈی کی جانب سے کی جانے والی اس ملاقات کے دوران بی آر ایس کارکنوں نے بھی اِسی جگہ عوام سے ملاقات کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے شرانگیزی پیدا کرنے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنادیا۔ پولیس کی جانب سے بی آر ایس کارکنوں کو ہٹائے جانے کے ساتھ ہی بی آر ایس امیدوار مسٹر ڈی ناگیندر نے وہاں پہنچ کر عہدیداروں سے الجھنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے انہیں بھی واپس چلے جانے کی تاکید کی۔ محترمہ پی وجیہ ریڈی نے مقطعہ مدار صاحب میں مسلمانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا اور کہا کہ موجودہ رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کی میعاد اب ختم ہونے جارہی ہے، اور حلقہ کے عوام کو ایک ہفتہ غنڈہ عناصر اور غیرسماجی عناصر کو برداشت کرنا ہے جبکہ 3 ڈسمبر کے بعد حلقہ اسمبلی خیریت آباد اس طرح کی غیرقانونی سرگرمیوں سے پاک ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات ایک نئی تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں کیونکہ ریاست میں 10 سال بعد کانگریس دوبارہ بھاری اکثریت سے اقتدار حاصل کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کی مجموعی ترقی کے ساتھ ساتھ حلقہ اسمبلی خیریت آباد کی ترقی و خوشحالی کیلئے کانگریس کا انتخاب ضروری ہے۔ جماعت اسلامی ہند کے علاوہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد کی مساجد کے وفاق کی جانب سے کانگریس امیدوارہ پی وجیہ ریڈی کو مکمل تائید و حمایت کا اعلان کئے جانے کے بعد حلقہ کے مسلمانوں میں زبردست جوش و خروش دیکھا جارہا ہے اور وہ کانگریس کے حق میں انتخابی مہم چلانے کیلئے کھل کر سامنے آنے لگے ہیں جبکہ ایک ہفتہ قبل بھی حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں مسلم نوجوانوں کو خوف زدہ کرتے ہوئے گمراہ کیا جارہا تھا اور دعویٰ کیا جارہا تھا کہ ریاست میں حکومت تبدیل نہیں ہوگی اور نہ ہی حلقہ اسمبلی خیریت آباد سے ڈی ناگیندر کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کے بعد سخت عواقب و نتائج کی دھمکیاں دی جارہی تھیں، لیکن مسلم نوجوانوں نے اس طرح کی دھمکیوں سے خوف زدہ ہونے کے بجائے کھل کر پی وجیہ ریڈی کے ساتھ انتخابی مہم میں حصہ لینا شروع کردیا ہے۔